نئی دہلی (نیوز ڈیسک ) جنوبی افریقہ کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر ڈیل سٹین انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں میچ کھیلنے کے دوران کندھے کی تکلیف کا شکار ہو گئے ہیں اور فوری طور پر وطن واپس جانے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ ورلڈکپ سے پہلے ریکور ہونے کی بھرپور کوشش کر سکیں۔ ڈیل سٹین کو آئی پی ایل 2019ءکیلئے ابتدائی طور پر کوئی خریدار نہ ملا جس کے بعد وہ نتھن کولٹر نیل کے متبادل کے طور پر رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کا حصہ بنے اور ویرات کوہلی کی قیادت میں ٹورنامنٹ کھیل رہے ہیں۔ ڈیل سٹین ورلڈکپ 2019 ءکیلئے جنوبی افریقہ کے 15 رکنی سکواڈ کا حصہ بھی ہیں اور جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ میگاایونٹ سے قبل ان کی مکمل صحت یابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ کندھوں کا ماہر ڈیل سٹین کا معائنہ کرے گا اور انہیں انگلینڈ میں شیڈول آئی سی سی ورلڈکپ سے پہلے مکمل طورپر صحت یاب کرنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ڈیل سٹین کو آئی پی ایل میں دوسرا میچ کھیلنے کے دوران اضطراب محسوس ہوا اور پھر معائنے میں ان کے کندھے کا مسئلہ سامنے آیا اور اب ان کی صحت یابی کی ہماری ترجیح ہے۔









