Wednesday January 22, 2025

”میں اوپنر ہوں اور اننگز اوپن کرنا چاہتا ہوں مگر۔۔۔“ محمد حفیظ کو ورلڈکپ میں کیا ٹاسک دیا گیا ہے؟ سابق کپتان نے کھل کر بتا دیا

لاہور (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ میں اوپنر ہوں اور اوپنر کی حیثیت سے ہی کھیلنا چاہتا ہوں جبکہ میں ایک ایسا کھلاڑی ہوں جو ہر طرح کے حالات میں ایڈجسٹ ہونا جانتا ہوں۔نجی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں محمد حفیظ نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ نے مجھ سے نمبر چار پر اینکر کا کردار ادا کرنے کو کہا ہے کیونکہ ٹیم میں اب نئے اوپنرز آ گئے ہیں جو دن بہ دن بہتر ہو رہے ہیں اور اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں۔ میں پاکستان ٹیم کیلئے کھیلتا ہوں اور جو بھی ٹاسک دیا جاتا ہے اسے بھرپور انداز میں نبھانے کی کوشش کرتا ہوں۔

محمد حفیظ نے 2003ءمیں ایک اوپنر کی حیثیت سے ون ڈے انٹرنیشنل کیرئیر کا آغاز کیا تھا لیکن 2015ءسے انہیں چوتھے نمبر پر بیٹنگ کروانے کو ترجیح دی جاتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چونکہ میں گزشتہ 16,17 سال سے اوپنر کی حیثیت سے کھیل رہا ہوں، اس لئے میں ہمیشہ زیادہ سے زیادہ اوور کھیلنا چاہتا ہوں تاکہ ذمہ داری اٹھاتے ہوئے پاکستان کیلئے میچ جیت سکوں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کریز پر سیٹ ہونے کے بعد آپ کو ایک ایسی عمدہ اننگز کھیلنے کی ضرورت ہوتی ہے جو مخالف ٹیم پر برتری حاصل کرنے میں مدد کر سکے۔ آپ صرف کریز پر ٹھہر کر ہی میچ نہیں جیت سکتے بلکہ آپ کو ایک اننگز بلڈ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، اور میرے خیال سے ایسا کرنے کیلئے ہمارے پاس تمام وسائل موجود ہیں۔

FOLLOW US