Friday November 7, 2025

ٹیسٹ کرکٹ میں کون سی ٹیموں پر ڈالروں کی بارش کر دی گئی پاکستانی ٹیم بارے حیران کن خبر

دبئی(آئی این پی) بھارت نے مسلسل تیسری مرتبہ آئی سی سی سے ایک ملین ڈالرکا بونس بٹور لیا۔بھارت نے یکم اپریل کی کٹ آف ڈیٹ تک اپنی نمبر ون ٹیسٹ پوزیشن قائم رکھتے ہوئے نہ صرف چیمپئن شپ گرز اپنے قبضے میں برقرار رکھا بلکہ مسلسل تیسری مرتبہ آئی سی سی سے ایک ملین ڈالر کا خصوصی بونس بھی حاصل کیا۔گزشتہ ایک برس کے دوران مستقل

مزاجی سے اچھا پرفارم کرنے والی نیوزی لینڈ ٹیم کو دوسرے نمبر پر رہنے کا صلہ 5 لاکھ ڈالر کی صورت میں ملا، اس نے تیسرے سے دوسرے نمبر پر کچھ عرصہ قبل ترقی پائی تھی جبکہ کٹ آف ڈیٹ تک اس پوزیشن پر برقرار رہنے کیلیے اسے بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ سیریز میں صرف شکست سے بچنے کی ضرورت تھی تاہم وہ ابتدائی دو میچز جیت کر سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی، البتہ کرائسٹ چرچ میں دہشتگردی کی وجہ سے تیسرا میچ منسوخ کردیا گیا تھا۔گزشتہ دو برس کٹ آف ڈیٹ تک دوسری پوزیشن پر رہنے والی جنوبی افریقی ٹیم نے اس مرتبہ تیسرے نمبر پر رہی اس لیے اس کو صرف 2 لاکھ ڈالر ملے جبکہ اس سے صرف ایک پوائنٹ کمی کے باعث چوتھی پوزیشن کے حامل آسٹریلیا کے حصے میں ایک لاکھ ڈالر آئے۔آئی سی سی کی جانب سے ہر برس یکم اپریل تک رینکنگ میں ٹاپ چار پوزیشنز برقرار رکھنے والی ٹیموں کو یہ بونس دیے جاتے ہیں۔ پاکستان کی ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں ساتویں نمبر پر موجود ہے جبکہ انگلینڈ پانچویں اور سری لنکا چھٹے نمبر پر ہیں۔