اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان کر کت بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ بھارت نے ورلڈکپ میں پاکستان کے بائیکاٹ کا شوشہ چھوڑا، بھارتی صرف دکھانے کیلئے باتیں کرتے ہیں،سی لنکن بورڈ سے خود رابطے میں ہوں، انھوں نے ایک ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور میں کھیلنے کا پیغام بھیجا ہے، امید ہے کہ سری لنکن ٹیم پاکستان آئے گی،آسٹریلیا
سےشکستوں کا ورلڈکپ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا،ڈومیسٹک نظام میں کمزوریوں کی وجہ سے اچھے بیٹسمین اور اسپنرز سامنے نہیں آ رہے،پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے۔اپنے ایک انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ چاہتے ہیں ورلڈکپ کی مہم جوئی کیلئے پاکستان ٹیم مکمل طور پر فٹ اور مضبوط ہو،میگا ایونٹ میں بغیر تیاری کے جانے کا تاثر بھی درست نہیں ۔انھوں نے کہا کہ یو اے ای میں حالیہ شکستوں کا ورلڈکپ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، چیمپئنزٹرافی میں سب نے دیکھا کہ پاکستان ٹیم کسی کو بھی ہرا سکتی ہے، اگرگرین شرٹس بروقت فارم میں آگئے تو ٹرافی جیت سکتے ہیں۔کینگروز کیخلاف سیریز میں مسلسل شکستوں کے سوال پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ قومی ٹیم کا وہی مسئلہ ہے جو ہماری کرکٹ کا ہے، ڈومیسٹک نظام میں کمزوریوں کی وجہ سے اچھے بیٹسمین اور اسپنرز سامنے نہیں آ رہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ نئے ڈومیسٹک سسٹم میں کھلاڑیوں کے بے روزگار ہو جانے کا خدشہ بالکل غلط ہے، یہی مختلف ٹیموں میں تقسیم ہو جائیں گے، پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں کھیلنے والے بیشتر کھلاڑی ڈپارٹمنٹس کے ساتھ وابستہ ہیں، وہ کس طرح بے روزگار ہوں گے؟احسان مانی نے کہا کہ ایک عرصے سے موقع ملنے کے منتظر کئی کرکٹرز نے آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں اپنی صلاحیتیں ثابت کی ہیں، عابد علی ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل پرفارم کر رہے تھے لیکن ان کی جگہ نہیں بن پا رہی تھی، موقع ملتے ہی انھوں نے زبردست پرفارم کیا، محمد رضوان کی بیٹنگ بہت اچھی ہے، ویسے تو یہ سلیکٹرز کا فیصلہ ہوگا مگر رضوان نے ثابت کردیا کہ وہ بطور بیٹسمین بھی کھیل سکتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ 2009کے بعد پاکستان میں بہت کم انٹرنیشنل کرکٹ ہوئی، پی ایس ایل کے میچز بھی 2شہروں کراچی اور لاہور میں منعقد ہوئے، پانچویں ایڈیشن کے تمام میچز پاکستان میں کرنے کا پلان ہے تاہم یہ کام اتنا آسان نہیں، ہمیں کافی محنت کرنی پڑے گی، ماضی میں راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد کے اسٹیڈیمز کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی گئی۔راولپنڈی اور فیصل آباد کے وینیوز تو مقامی حکومتوں کے تحت ہیں، انھوں نے بھی ان کی حالت بہتر بنانے کیلیے سرمایہ خرچ نہیں کیا، پی ایس ایل میچز کے انعقاد کیلئے ہمیں لائٹس اور نشستوں کی حالت بہتر بنانا ہوگی، چھتوں کا انتظام بھی کرنا پڑے گا، کام بہت زیادہ لیکن امید ہے کہ ہم سارے میچز پاکستان میں کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔احسان مانی کا کہنا ہے کہ بھارت نے ورلڈکپ میں پاکستان کے بائیکاٹ کا شوشہ چھوڑا۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی صرف دکھانے کیلئے باتیں کرتے ہیں،اس معاملے کا خطرناک پہلو یہ ہے کہ ان کے بورڈ کی کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز سیاستدانوں کے ساتھ مل گئی ہے، وہ الٹی سیدھی باتیں کرتے رہتے ہیں، بی سی سی آئی کے باقاعدہ عہدیداروں کا رویہ قطعی مختلف اور بہتر ہے،ہمارے ان کے ساتھ اچھے تعلقات اور بات بھی ہوتی ہے،میں ان کی عزت بھی کرتا ہوں۔ چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ آئی لینڈرز سے خود بات کر رہا ہوں، انکا مسئلہ زیادہ حساس اس لیے ہے کہ لاہور میں سری لنکن ٹیم پر ہی حملہ ہوا تھا، بہرحال انھوں نے ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے کھلاڑی لاہور بھجوا کر اچھا پیغام دیا تھا، امید ہے کہ سری لنکن ٹیم پاکستان آئے گی۔انھوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی بورڈ کے چیف سیکیورٹی آفیسر نے کراچی میں سارے پی ایس ایل میچز دیکھے اور بڑے مطمئن واپس گئے، فیوچر ٹور پروگرام میں ہماری بنگلہ دیش کے ساتھ سیریز بھی ہے، ان سے بھی بات چیت کر رہے ہیں۔









