Thursday January 23, 2025

چوتھے ایک روزہ میچ میں سنسنی خیز مقابلہ، عابد علی اور محمد رضوان کی سینچریوں کے باوجود آسٹریلیا نے پاکستان سے فتح چھین لی

دبئی: پانچ ون ڈ ے میچز کی سیریز کے چوتھے مقابلے میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا نے پاکستان کو 6رنز سے شکست دیکر سیریز میں4-0کی برتری حاصل کرلی ۔ دبئی میں آسٹریلیا نے پاکستان کو چوتھے ایک روزہ میچ میں 278 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں قومی ٹیم کی جانب سے عابد علی اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن مسعود پہلے ہی اوور میں کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد حارث سہیل بیٹنگ کے لیے آئے اور عابد علی کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ کے لیے74رنز جوڑے جس کے بعد حارث سہیل25رنز بنا کر لیون کا شکار بن گئے،دو کھلاڑیوں کے جلد آﺅٹ ہونے کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلنے والے نوجوان بلے باز عابد علی نے وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہمراہ ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا،عابد علی نے اپنے ون ڈے کیرئیر کے پہلے ہی میچ میں 8 چوکوں کی مدد سے شاندار سنچری سکور کی جس کے ساتھ ہی وہ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو پر سنچری کرنے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ، اس سے قبل اپنے پہلے ایک روزہ میچ میں سنچری کرنے والوں میں سلیم الٰہی(1995ء) اور امام الحق( 2017ء) شامل ہیں۔

عابد علی 9چوکو ں کی مدد سے112رنز بنا کر زامپا کا شکار بنے،انہوں نے محمد رضوان کے ساتھ ملکر تیسری وکٹ کے لیے144رنز جوڑے تھے ،عمر اکمل مسلسل چوتھے میچ میں ناکام رہے اور6رنز بنا کر بولڈ ہوگئے،سعد علی بھی صرف9رنز بنا کر کورٹنائل کا تیسرا شکار بنے،محمد رضوان نے سیریز میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی تاہم کپتان عماد وسیم محض1رن بنا کر آﺅٹ ہوگئے ،رضوا ن بھی104رنز بنا کر پوویلین لوٹے،عثمان شنواری بھی6رنز بناسکے،اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے باﺅلنگ کا فیصلہ کیا ، آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے ٹیم کو 56 رنز کا آغاز فراہم کیا، ایرون فنچ 39 رنز بنانے کے بعد محمد حسنین کاپہلا انٹر نیشنل شکار بنے،بعد میں آنے والے کھلاڑیوں میں شان مارش، پیٹرہینڈسکومب اور مارکس سٹوئنس ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے اور بالترتیب 2،7 اور5 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔

عثمان خواجہ نے اپنی 9ویں ون ڈے نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے،میکسویل اور ایلکس کیری نے چھٹی وکٹ کے لیے133رنز جوڑے اور اس دوران میکسویل نے اپنی18ویں اور کیری نے پہلی نصف سنچری مکمل کی میکسویل 2 رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور آخری اوور میں 98 رنز پر رن آﺅٹ ہوگئے ، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے جب کہ ایلکس کیری55 رنز پر آﺅٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کی جانب سے محمد حسنین، یاسر شاہ اور عماد وسیم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، امام الحق اور شعیب ملک کی جگہ سعد علی اور عابد علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔سرفراز احمد کی غیر موجود گی میں کپتانی کے فرائض انجام دینے والے شعیب ملک ان فٹ ہوگئے ہیں جس کے باعث انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ان کی جگہ عماد وسیم کپتانی کے فرائض انجام دیں گے جب کہ امام الحق کو بخار ہونے کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

FOLLOW US