دبئی(آئی این پی)انگلینڈ میں 30مئی تا14 جولائی2019کے درمیان ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہو گئی ہے ۔ 16جون کو روایتی حریف پاکستان اور ہند کے مابین مانچسٹر کے اولڈ ٹریفودڈ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ کے ٹکٹوں کیلئے آئی سی سی کو 4لاکھ سے زیادہ درخواستیں مل چکی ہیں جبکہ اولڈ ٹریفودڈ اسٹیڈیم میں میچ ہوگا
وہاں26ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈیو رچرڈسن نے ٹورنامنٹ کے ٹکٹوں کی 30لاکھ سے زائد درخواستیں آچکی ہیں اور ہمارے پاس نشستوں کی گنجائش صرف 8لاکھ ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ شائقین پاک ہند میچ کو فائنل سے بھی زیادہ اہمیت دے رہے ہیں۔ یہ میچ دیکھنے کے خواہشمندوں کی تعداد 4لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اسٹیڈیم میں صرف 26 ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ آئی سی سی کے مطابق اس کی ویب سائٹ پر پہلے آو، پہلے پاو کی بنیاد پر ٹکٹ فروخت کئے جائیں گے۔ کرکٹ کھیلنے والے 10 ممالک کے درمیان ورلڈکپ کا آغاز 30 مئی سے ہو رہا ہے اور یہ ٹورنامنٹ14جولائی کو ہونے والے فائنل کے ساتھ اختتام کو پہنچے گا۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر48میچ کھیلے جائیں گے۔









