Sunday May 12, 2024

لاہور قلندرز کے مالک فواد رانا نے حیرت انگیز انکشاف کر دیا

لاہور قلندرز کے مالک فواد رانا نے حیرت انگیز انکشاف کر دیا

جدہ (ویب ڈیسک)پاکستان سپر لیگ سیزن 4کا اختتامی مرحلہ کراچی میں پورے زور شور سے جاری ہے،حسب روایت لاہور قلندر ز اس بار بھی ٹورنا منٹ سے باہر ہو چکی ہے جبکہ مسلسل چوتھی بار ٹورنا منٹ سے باہر ہونے پر شائقین اور ماہرین کرکٹ کی جانب سے لاہور قلندر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، کوئی ٹیم کا نام تبدیل کرنے کا مشورہ دیتا ہے تو کوئی کوچ عاقب جاوید کو تنقید کا نشانہ بنارہا ہے، ایسے میں مسلسل چوتھی بار شکست سے دلبرداشتہ لاہور قلندرز کے مالک فواد رانا نے ایسا انکشاف کر دیا ہے کہ جان کر وزیر اعظم عمران خان بھی سوچ میں پڑ جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے شائع ہونے والے معروف

اردو اخبار ’’اردو نیوز‘‘ کو دیئے جانے والے ایک انٹرویو میں فواد رانا کا کوچ کی تبدیلی کے حوالے سے کہنا تھا کہ ٹیم کے کوچ پر بہت زیادہ تنقید ہو رہی ہے تاہم مجھے عاقب جاوید کو کوچ رکھنے کا مشورہ وزیراعظم عمران خان نے خود دیا تھا اور عمران خان کا یہ مشورہ بہت ہی صائب تھا ، عاقب جاوید ایسے کوچ ہیں جو لیہ کی سڑکوں کے کنارے تنگ سراؤں میں رات کو سوجاتے تھے،ان کا مقصد صرف اچھے کرکٹرز تلاش کرنا ہوتا ہے،عاقب جاوید گھنٹوں ڈرائیو کرکے گلگت بلتستان پہنچ جاتے ہیں اور کبھی وہ ڈیرہ غازی خان میں پڑاؤ ڈال لیتے ہیں، اصل مسئلہ کوچ کا نہیں ہے ،بات یہ ہے کہ اِن کی ٹیم بغیر کپتان کے کھیلی ہے، ٹورنامنٹ جاری تھا کہ ہم کپتان محمد حفیظ سے محروم ہوگئے اور اس کے بعد بھی کئی اہم کھلاڑیوں کا ساتھ بھی حاصل نہ رہا۔فواد رانا کا کہنا تھا کہ لوگ انہیں ٹیم کا نام بدلنے کا مشورہ بھی دیتے ہیں، شاید مشورہ دینے والوں کا خیال ہے کہ یہ نام کچھ بھاری ہے یا یہ ٹیم کو راس نہیںآتا، تاہم میں سمجھتا ہوں کہ قلندرز سے اچھا نام اور کوئی نہیں ہوسکتا، یہ نام تو سخی لعل شہباز کی نسبت سے ہے، اقبال کی شاعری میں بھی قلندرز کا ذکر ہے جبکہ اب تو برینڈ میکولم کی بھی زبان پر بھی قلندرز رہتا ہے، قلندرز نام نے تو ہمیں پہچان دی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں فواد رانا کا کہنا تھا کہ جب ہار کر وہ واپس لاہور ائیرپورٹ پر اترے تو وہاں پر موجود پولیس اہلکاروں نے انہیں سیلوٹ کیا، جس پر میں شرمندہ بھی ہوا، یہ سب عوام کی ان کے ساتھ والہانہ محبت ہے، جب میں مارکیٹ میں جاتا ہوں تو لوگ سلام کرکے میرے ہاتھ چومتے ہیں،میں سب کو بہت مشکورہوں۔ایک اور سوال کے جواب میں فواد رانا کا کہنا تھا کہ میں شروع سے ہی کرکٹ کے بارے میں بہت جذباتی ہوں اور اپنے تاثرات کو نہیں چھپا سکتا ،یہی وجہ ہے کہ میری فیملی مجھے پاک بھارت میچ نہ دیکھنے کا مشورہ دیتی تھی کیونکہ میں بہت زیادہ جذباتی ہو جاتا تھا ۔انہوں نے کہا کہ میرا سیاست میں قدم رکھنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ،مسلسل شکست کے باوجود وہ کھیلوں کے ذریعے محبت اور خوشیاں بانٹنے کا یہ سفر جاری
رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں،میں ٹیلنٹ ہنٹ کے بجائے پلیرز ڈویلپر پروگرام پر یقین رکھتا ہوں ،لاہور قلندرز نے 5 لاکھ بچوں کو شامل رکھا ہواہے، ہم لاکھوں بچوں کی امید کو ختم نہیں کرنا چاہتے،ملک بھر سے اچھے کھلاڑی تراشنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

FOLLOW US