نئی ٹی 20 رینکنگ جاری، پی ایس ایل کا جشن منانے میں مصروف پاکستانیوں کو آئی سی سی نے ایک اور خو شخبری سنا دی
دبئی (نیوز ڈیسک ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹی 20 رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق اس فارمیٹ میں پاکستان کی حکمرانی برقرار ہے جبکہ انگلینڈ نے آسٹریلیا سے تیسری پوزیشن چھین لی ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی رینکنگ کے مطابق پاکستانی ٹیم 135 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ بھارتی ٹیم
122 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو حالیہ 3 میچز کی سیریز میں وائٹ واش کر کے تین پوائنٹس حاصل کئے اور 121 پوائنٹس کیساتھ آسٹریلیا سے تیسری پوزیشن چھین لی ہے۔آسٹریلین کرکٹ ٹیم 120 پوائنٹس کیساتھ چوتھے، جنوبی افریقہ کی ٹیم 118 پوائنٹس کیساتھ پانچویں، نیوزی لینڈ کی ٹیم 116 پوائنٹس کیساتھ چھٹے، ویسٹ انڈیز ٹیم 100 پوائنٹس کیساتھ ساتویں، افغانستان کی ٹیم 93 پوائنٹس کیساتھ آٹھویں، سری لنکا کی ٹیم 86 پوائنٹس کیساتھ نوویں اور بنگلہ دیش کی ٹیم 77 پوائنٹس کیساتھ دسویں نمبر پر ہے۔ ٹی 20 کرکٹ کے 10 بہترین بلے بازوں کی فہرست میں بھی پاکستان کا قبضہ برقرار ہے اور مڈل آرڈر بلے باز بابراعظم پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے کولن منرو دوسری، آسٹریلیا کے گلین میکس ویل تیسری، آسٹریلیا ہی کے ایرون فنچ چوتھے، بھارت کے لوکیش راہول پانچویں، افغانستان کے حضرت اللہ چھٹے، آسٹریلیا کے آرکی شورٹ ساتویں، ویسٹ انڈیز کے ایوین لوئس آٹھویں، پاکستان کے فخر زمان نوویں اور انگلینڈ کے ایلکس ہیلز دسویں نمبر پر ہیں۔ٹاپ ٹین باؤلرز کی فہرست میں افغانستان کے سپنر راشد
خان کی اجارہ داری برقرار ہے جبکہ پاکستان کے شاداب خان دوسرے، انگلینڈ کے عادل رشید تیسرے، پاکستان کے عماد وسیم چوتھے، بھارت کے کلدیپ یادیو پانچویں، آسٹریلیا کے ایڈم زامپا چھٹے، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن ساتویں، نیوزی لینڈ کے ایش سودھی آٹھویں، پاکستان کے فہیم اشرف نوویں اور انگلینڈ کے کرس جورڈن دسویں نمبر پر ہیں۔آل راؤنڈرز کی فہرست میں آسٹریلیا کے گلین میکس ویل نے پہلی پوزیشن پر قبضہ جما رکھا ہے جبکہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے، افغانستان کے محمد نبی تیسرے، بنگلہ دیش کے محمود اللہ چوتھے، سکاٹ لینڈ کے رچرڈ بیرینگٹن پانچویں، سری لنکا کے تھیسارا پریرا چھٹے، آئرلینڈ کے پال سٹرلنگ ساتویں، زمبابوے کے سین ولیمز آٹھویں، جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومنی نوویں اور آئرلینڈ کے کیوین اوبرائن دسویں نمبر پر ہیں۔