Thursday January 23, 2025

ہزاروں پاکستانیوں کے سامنے پاکستان سپر لیگ کے سنسنی خیز میچ کا اختتام۔۔کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہرا کر لاہور قلندرز کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا

ہزاروں پاکستانیوں کے سامنے پاکستان سپر لیگ کے سنسنی خیز میچ کا اختتام۔۔کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہرا کر لاہور قلندرز کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا

کراچی : پاکستان سپر لیگ کے کراچی میں ہونے والے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2رنزسے ہرا دیا ۔کراچی کنگز کے 191رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احمد شہزاد اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا اور اپنی ٹیم کو68رنز کا آغاز فراہم کیا ،واٹسن19رنز بنا کر عمر خان کا شکار بنے جنہوں نے رائلی روسوو کو بھی10رنز پر پوویلین چلتا کیا ،عمر اکمل اور احمد شہزاد نے تیسری وکٹ کے لیے44رنز جوڑے جس کے بعد عمر اکمل27رنز بنا کر عمر خان کا تیسر ا شکار بنے،احمد شہزاد اور ڈوین براوو نے چوتھی وکٹ کے لیے47رنز جوڑے جس کے بعد براوو9رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوئے،اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 28ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔

کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا اور اپنی ٹیم کو 9اوورز میں69رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد کولن منرو30رنز بنا کر فواد احمد کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے، لیام لیونگ سٹون بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور5رنز سکور کرکے محمد نواز کے ہاتھوں پوویلین لوٹے،کولن انگرام ایک چوکے اور3چھکوں کی مدد سے24رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے،بابر اعظم نے اپنی 26ویں ٹونٹی ٹونٹی نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ56رنز بنا کر حسنین کا دوسرا شکار بنے گئے،بین ڈنک اور افتخار احمد نے پانچویں وکٹ کے لیے30رنز جوڑے جس کے بعد بین ڈنک 18رنز سکور کرکے سہیل تنویر کا شکار بن گئے ، افتخار احمد 44 اور عماد وسیم 4 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 2، سہیل تنویر،محمد نواز اور فواد احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔دونوں ٹیموں نے سکواڈ میں تبدیلی کی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اعظم خان کی جگہ انور علی کو ٹیم میں شامل کیا جبکہ سہیل خان اور بین ڈنک کی کراچی کنگز میں واپسی ہوئی۔میچ سے قبل پریس کانفرنس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خان کا کہنا تھا کہ شین واٹسن کی پاکستان آمد سے ٹیم کا توازن برقرار رہا لیکن دیگر تمام کھلاڑی بھی اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں۔ کراچی کنگز کے نائب کپتان کولن انگرام نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف شارجہ کے میچ والی کارکردگی دہرانے کی کوشش کروں گا۔

FOLLOW US