لاہور : کیا اے بی ڈی ویلیئرز نے زخمی ہونے کا جھوٹ بول کر پاکستان آنے سے معذرت کی؟ رمیز راجہ کے دعوے نے گرما گرم بحث چھیڑ دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ میچز کا شہر قائد کرقاچی میں آغاز ہونے میں صرف 2 دن باقی رہ گئے ہیں۔ تاہم جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور اسٹار بلے باز اے بی ڈیویلیئرز کی پاکستان عدم آمد کی خبر نے لاہور قلندرز سمیت پاکستان کرکٹ کے تمام شائقین ک گہرا صدمہ پہنچایا تھا۔
جنوبی افریقی کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے مبینہ کمر کی تکلیف کے باعث پاکستان آنے سے معذرت کرلی تھی تاہم اب اس معاملے پر کہیں نہ کہیں شکوک و شبہات پیدا ہوگئے ہیں۔ گزشتہ دنوں پاکستان کے سابق کپتان اور موجودہ مایہ ناز کمنٹیٹر رمیز راجہ سے جب اس حوالے سے سوال پوچھا گیا کہ کیا اے بی ڈی ویلیئرز واقعی انجرڈ ہوئے یا وہ بہانہ کرکے واپسی اختیار کرگئے؟ تو اس کے جواب میں رمیز راجہ نے بے ساختہ اسے ‘ٹوپی’ یعنی بہانہ قرار دے دیا۔ رمیز راجہ کی جانب سے دیے جانے والے اس بیان کے بعد سے سوشل میڈیا پر بحث چھڑی ہوئی ہے، اور اکثر لوگ رمیز راجہ کی رائے یا دعوے سے اتفاق کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز لاہور میں شیڈول میچز کا حصہ بننے کیلئے تیار تھے۔ تاہم پاک بھارت کشیدگی کے باعث لاہور میں شیڈول میچز کراچی منتقل کر دیے گئے۔ لاہور کے میچز کراچی منتقل کیے جانے کے بعد ہی اے بی ڈی ویلیئرز نے پاکستان آنے سے معذرت کر لی۔