Wednesday November 5, 2025

کیا پاکستان سپرلیگ کے میچ پاکستان میں ہوں گے چئیرمین پی سی بی کا بیان جاری ہو گیا

کیا پاکستان سپرلیگ کے میچ پاکستان میں ہوں گے چئیرمین پی سی بی کا بیان جاری ہو گیا

کراچی (آئی این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ تمام 8 میچز پاکستان میں ہی ہوں تاکہ پاکستانی عوام دیکھ سکیں اور یہی ہمارا وژن ہے، ایک مشکل فیصلہ تھا جو ہم نے تمام فرنچائزز اور دیگر سے مشاورت کے بعد کیا، پی ایس ایل کے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، کسی کھلاڑی نے پاکستان آنے سے انکار

نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف جاری کردہ پریس ریلیز میں کیا۔ جاری کردہ بیان میں باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے لاہور میں کھیلے جانے والے تینوں میچز کراچی منتقل کردیے گئے ہیں،پی سی ایل کے پاکستان میں کھیلے جانے والے تمام 8 میچز کا انعقاد کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا،پی سی بی کے مطابق لاہور میں منعقدہ تین میچز کی منتقلی کا فیصلہ لاہور میں کمرشل فلائٹس کی تاخیر سے دستیابی کی وجہ سے کیا گیا ہے، کم وقت میں لاجسٹکس کے چیلنجز ہوسکتے تھے لہذا یہ میچز کراچی منتقل کیے گئے ہیں۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا جو ہم نے تمام فرنچائزز اور دیگر سے مشاورت کے بعد کیا، ہم چاہتے ہیں کہ تمام 8 میچز پاکستان میں ہی ہوں تاکہ پاکستانی عوام دیکھ سکیں اور یہی ہمارا وژن ہے،پی ایس ایل کے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، کسی کھلاڑی نے پاکستان آنے سے انکار نہیں کیا،پی سی بی کے نئے پروگرام کے تحت اب پہلا میچ 9 مارچ کو لاہور اور اسلام آباد کے درمیان شام 7 بجے کھیلا جائے گا جب کہ 10 مارچ کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ شام 7 بجے ہوگا،11 مارچ کو لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں دوپہر 2 بجے جب کہ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں اسی روز شام سات بجے مدمقابل ہوں گی،13 مارچ کو کوالیفائر، 14 مارچ کو ایلیمینیٹر اور 15 مارچ کو دوسرا ایلیمینیٹر میچ کھیلا جائے گا،ایونٹ کا فائنل 17 مارچ کو شام 7 بجے نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا،پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق لاہور میں شیڈول میچز کے ٹکٹس خریدنے والے شائقین کو ان کی رقم واپس کی جائے گی۔