2018کاسب سے بہترین ریسلرکون قرار پایا؟ایسانام جوآپ کے وہم وگماں میں بھی نہ ہوگا
2018 اب اختتام پذیر ہے اور رواں سال ڈبلیو ڈبلیو ای میں کئی اچھے ریسلرز کی شمولیت ہوئی جبکہ کئی اہم ستارے غائب نظر آئے، جن میں سب سے بڑا نام رومن رینز کا ہے جو لیوکیما کے باعث ریسلنگ کے میدان سے کافی عرصے کے لیے دور ہوگئے ہیں۔مگر یہ سال کس ریسلر کے نام رہا تو ماہرین نے جو فہرست تیار کی ہے وہ درج ذیل ہے جس کو دیکھ کر
آپ بتا سکتے ہیں کہ یہ کس حد تک ٹھیک ہے اور ان میں آپ کا پسندیدہ ریسلر کون ہے۔ماہرین نے 5 ویں نمبر پر منڈے نائٹ را کے اسٹار سیٹھ رولنز کورکھا ہے اور بلاشبہ پورا سال ان کے میچز شاندار ثابت ہوئے۔سیٹھ رولنز ویسے تو کافی عرصے سے ڈبلیو ڈبلیو ای میں ہیں مگر رواں سال اس وقت وہ نمایاں ہوئے جب را میں 2 گھنٹے کے ایک میچ میں ان کی کارکردگی نے لوگوں کو چونکا دیا جس کے بعد ریسل مینیا میں فن بیلور اور دی میز کو انٹرکانٹی نینٹل چیمپئن شپ میچ میں ہرا کر چیمپئن بنے۔رونڈا راو ¿سی چوتھے نمبر پر رہیں۔یو ایف سی سے شہرت حاصل کرنے والی رونڈا راؤسی پہلی بار رائل رمبل مقابلے کے اختتام پر ڈبلیو ڈبلیو ای اسٹیج پر نمودار ہوئیں اور ریسل مینیا سائن کی جانب اشارہ کیا۔اس کے بعد سے ان کا متاثر کن سفر جاری ہے اور ہر میچ کے ساتھ ان کی کارکردگی بہتر ہورہی ہے، ریسل مینیا میں ڈیبیو پرفارمنس سے لے کر ٹی ایل سی تک، رنگ میں انہوں نے سب کو متاثر کیا۔موجودہ ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن ڈینیئل برائن کے حصے میں تیسرا نمبر آیا۔2016 میں طبی مسائل کے باعث انہیں ریٹائرمنٹ لینا پڑی اور رواں سال ریسل مینیا سے کچھ ہفتے پہلے انہیں
کلیئر قرار دے دیا گیا اور وہ اس ایونٹ میں ٹیگ ٹیم مقابلے میں ان ایکشن نظر آئے۔دی میز کے ساتھ ان کے مقابلے زیادہ متاثر کن نہیں تھے مگر اے جے اسٹائلز کے خلاف ہیرو سے ولن بن جانے کا کردار انہیں اس فہرست میں اوپر لے آیا جو اب تک مکمل طور پر اپنی شخصیت بدل چکے ہیں۔دوسرے نمبر پر ڈریو میکنٹائر کو رکھا گیا ہے جو این ایکس ٹی سے رواں سال را میں منتقل ہوئے، ویسے یہ ریسلر 2012 سے 2014 تک ڈبلیو ڈبلیو ای میں رہے مگر پھر انہیں ریلیز کردیا گیا تھا۔اب ڈریو میکنٹائر کو ڈبلیو ڈبلیو ای میں رومن رینز کا متبادل سمجھا جارہا ہے، تاہم اس کا فیصلہ تو آنے والے وقت میں ہی ہوگا۔اور سال کا سب سے بہترین ریسلر بیکی لنچ کو قرار دیا ہے جو اب ‘دی مین’ کی عرفیت سے زیادہ معروف ہیں اور یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ ان کی مقبولیت کی وجہ کیا ہے۔









