Monday January 27, 2025

دوسرا ٹیسٹ، کھیل کے اختتام پر پاکستان کو بڑا نقصان برداشت کرنا پڑ گیا

دوسرا ٹیسٹ، کھیل کے اختتام پر پاکستان کو بڑا نقصان برداشت کرنا پڑ گیا

دبئی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں گرین شرٹس نے کھیل کے پہلے روز 4وکٹوں کے نقصان پر رنز بنا لیے ہیں ۔ دبئی انٹر نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، دونوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
پاکستان کی جانب سے اوپننگ بلے باز محمد حفیظ اور امام الحق ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اور 18 کے مجموعے پر محمد حفیظ کولن ڈی گرانڈ ہوم کی گیند پر 9 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے جب کہ 25 کے مجموعی سکور پر گرانڈ ہوم نے ہی امام الحق کو بھی 9 رنز پر پویلین بھیج دیا۔اظہر علی اور حارث سہیل نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 126رنز کی شراکت داری قائم کی اور اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں ،151کے مجموعی سکور پر اظہر علی ایک تیز رن لینے کی کوشش میں حارث سہیل کی سہل پسندی کے باعث 81رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوگئے ،اسد شفیق12رنز بنا کر انتہائی غیر ذمہ درانہ شاٹ کھیل کر اعجاز پٹیل کی پہلی وکٹ بنے ۔
بابر اعظم اور حارث سہیل نے دن کے اختتام تک ٹیم کا سکور 207رنز تک پہنچایا ، حارث 81اوربابر 14رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں ۔ واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کیویز کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔پاکستان ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑاتھا اور پورے میچ میں حاوی رہنے کے باوجود پاکستان ٹیم کیویز سے میچ 4 رنز سے ہار گئی تھی تاہم پاکستانی کپتان سرفراز احمد پہلے ٹیسٹ میچ کی غلطیاں نہ دہرانے کے حوالے سے پرعزم ہیں۔
گذشتہ روز دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ سے ابوظہبی ٹیسٹ ہارنے پر مایوسی ہے لیکن دبئی ٹیسٹ میں سب کچھ بھلا کر نئے سرے سے پرفارم کریں گے اور پہلے ٹیسٹ میں جو غلطیاں ہوئیں، انہیں اب نہیں دہرائیں گے۔گرین شرٹس میں امام الحق ،محمد حفیظ ، اظہر علی ، حارث سہیل ، اسد شفیق ، بابر اعظم ، سرفراز احمد ، بلال ، آصف ، یاسرشاہ ، حسن علی اور محمد عباس شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم جیت راول ، ٹام لیتھم ، کین ولیمسن ، راس ٹیلر ، بی جے واٹلنگ ، ہنری نکولس ، کولن ڈی گرانڈ ہوم ، اش سوڈھی ، نیل ویگنز ، ٹرینٹ بولٹ اور اعجاز پٹیل پر مشتمل ہے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ 3 دسمبر سے ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔

FOLLOW US