Saturday November 8, 2025

شعیب ملک نے وہ ریکارڈ نام کیا جو ڈیویلیئرز یا کوہلی کے پاس بھی نہیں

شعیب ملک نے وہ ریکارڈ نام کیا جو ڈیویلیئرز یا کوہلی کے پاس بھی نہیں

دبئی(نیوزڈیسک) قومی ٹیم کے سینئر ترین بلے باز شعیب ملک نے ایسا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے جو دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے ناموں کے پاس بھی نہیں ہے ۔ 36سالہ شعیب ملک نیوزی لینڈکے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی قومی ٹیم کا بھی حصہ تھے اور اس کامیابی کے ساتھ ہی انہوں نے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں بطور کھلاڑی اپنی

فتوحات کی تعداد 201تک پہنچا لی ہے ۔ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں بطور کھلاڑی سب سے زیادہ کامیابیاں حاصل کرنے والے کھلاڑی ویسٹ انڈیز کی کیرون پولارڈ ہیں جو242مرتبہ میچ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے ہیں ،ویسٹ انڈیز کے ہی ڈووین براوو 232ٹی ٹونٹی میچز جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے ہیں ۔ یاد رہے کہ تین ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل 11 ویں ٹی ٹونٹی سیریز اپنے نام کرلی تھی۔ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا اور ٹیم کو 40 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 40 رنز پر گری اور فخر زمان 24 رنز بناکر ملنے کی گیند پر آﺅٹ ہوئے۔دوسری وکٹ کی شراکت میں بابر اعظم اور آصف علی کے درمیان 55 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی اور بابر اعظم 40 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔ آصف علی نے شاندار کھیل پیش کیا اور 38 رنز بناکر کولن منرو کا شکار بنے جبکہ شعیب ملک 10 رنز بناکر ملنے کے ہاتھوں آﺅٹ ہوئے۔ پاکستان نے 154 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 20 ویں اوور کی چوتھی

گیند پر حاصل کرکے سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے جبکہ گرین شرٹس نے مسلسل 11 ویں ٹی ٹونٹی سیریز اپنے نام کی ہے۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 40، آصف علی 38 اور محمد حفیظ 34 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملنے نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا

فیصلہ کیا اور کیویز کی جانب سے اننگز کا آغاز کولن منرو اور گلین فلپس نے جارحانہ انداز میں کیا اور ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 50 کے مجموعی سکور پر گری جب گلین فلپس 5 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر سرفراز کو کیچ تھما بیٹھے۔کیویز کے دوسرے آﺅٹ ہونےوالے کھلاڑی کولن منرو تھے جو 44 رنز بناکر حفیظ کا شکار بنے جب کہ گرینڈ ہوم 4 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے جنہیں عماد وسیم نے آﺅٹ کیا۔ روس ٹیلر 3 رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوئے جبکہ ولیمسن 44 اور سیفرٹ 11 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے، ٹم ساﺅتھی کھاتہ کھولے بغیر رن آﺅٹ ہوئے۔کیویز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے جبکہ کولن منرو 44، اینڈرسن 44 اور ولیمسن 37 رنز بناکر نمایاں رہے۔گرین شرٹس کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔