لاہور (نیوزڈیسک) ایشیاء کپ سے قبل تربیتی کیمپ کے لیے 18 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ۔چیف سلیکٹر انضمام الحق کی سربراہی میں نیشنل سلیکشن کمیٹی نے کپتان اور ہیڈ کوچ سے مشاورت کے بعد ایشیاء کپ کے لئے لاہور میں شیڈول تربیتی کیمپ کے لئے 18 کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا، کھلاڑیوں میں فخر زمان، امام الحق، شان مسعود، محمد حفیظ،
بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، حارث سہیل، کپتان سرفراز احمد، شاداب خان، محمد نواز، عماد وسیم، حسن علی، عثمان خان شنواری، محمد عامر، جنید خان، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔کیمپ کا انعقاد 3ستمبر سے 10ستمبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا جس میں پلیئرز کا فٹنس ٹیسٹ بھی لیا جائے گا۔واضح رہے کہ 27قومی کرکٹرز آرمی ٹریننگ اسکول ایبٹ آباد میں تین روزہ فٹنس کیمپ میں شریک ہیں۔ 31اگست کو ختم ہونے والے کیمپ کے بعد دوسرے مرحلے میں 18کھلاڑیوں کا کیمپ 3ستمبر سے لاہور میں لگایا جائے گا۔