Monday October 21, 2024

انڈیا نے ہانگ کے خلاف 26 گول کیے جبکہ پاکستان نے عمان کے خلاف 10

انڈیا کے مردوں کی ہاکی ٹیم نے بدھ کو ہانگ کانگ کو صفر کے مقابلے میں 26 گول سے ہرا کر ایشیئن گیمز میں اپنی سب سے بڑی جیت اپنے نام کی۔ بدقسمتی سے ہانگ کانگ کی ٹیم ایک گول بھی نہ کر سکی۔ جکارتہ میں ہونے والی گیمز میں انڈیا کی ٹیم نے تقریباً ہر دو منٹ بعد ایک گول کر کے اپنا وہ 86 سالہ ریکارڈ توڑا جس میں اس نے 1932 کے اولمپکس مقابلوں میں امریکہ کو ایک کے مقابلے میں 24 گول سے شکست دی تھی آٹھ مرتبہ اولمپکس چیمپیئن بننے والے انڈیا کی ٹیم نے میچ کے پہلے پانچ منٹ میں چار گول کیے اور کھیل ختم

ہونے سے سات منٹ قبل اپنے گول کیپر کو بھی گول سے ہٹا لیا اور آگے آ کر حملے کرنے والوں میں شامل کر لیا۔ پیر کو انڈیا نے انڈونیشیا کو صفر کے مقابلے میں 17 گول سے شکست دی تھی۔ انڈیا کا اگلا میچ جمعہ کو جاپان کے خلاف ہو گا۔ بدھ کو ہونے والے ایک اور میچ میں پاکستان نے عمان کو صفر کے مقابلے میں 10 گول سے شکست دی ہے۔ پاکستان کی ’گرین شرٹس‘ جنھوں نے یہ گیمز پہلے آٹھ مرتبہ جیتی ہیں، پورے میچ میں عمان کی ٹیم پر حاوی رہیں اور عمان کے گول پر تابڑ توڑ حملے ہوتے رہے پاکستان کے سبسٹیٹیوٹ کھلاڑی علی شان نے نہایت بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک بھی کی اس سے پہلے بھی ایک میچ میں پاکستان نے تھائی لینڈ کو 10 گول سے شکست دی تھی۔ دوسری طرف کوریا نے سری لنکا کو آٹھ گول سے شکست دی۔ اس طرح یہ ٹورنامنٹ ایک ’ہائی سکورنگ‘ ٹورنامنٹ بنتا جا رہا ہے جس میں بڑی ٹیمیں زیادہ سے زیادہ گول کر رہی ہیں۔ یاد رہے کہ آج تک نیوزی لینڈ کی ٹیم کا کسی بین الاقوامی میچ میں کسی بھی ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ ہے۔ اس نے 1994 میں سمووا کی ٹیم کے خلاف ایک کے مقابلے میں 36 گول کیے تھے۔

FOLLOW US