Tuesday May 21, 2024

تحریک انصاف کی تاریخی جیت پر شاہد خان آفریدی نے عمران خان کے نام بڑا پیغام جاری کر دیا

لاہور(نیوزڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے عام انتخابات 2018ءمیں کامیابی پر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو مبارک باد دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز عام انتخابات کے سلسلے میں ہونے والی پولنگ کے بعد اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو 100سے زائد نشستوں پر

 

برتری حاصل ہے اور اس بات کاقوی امکان ہے کہ وہ مرکز میں حکومت بنالے گی اور عمران خان ملک کے 18ویں وزیر اعظم کا حلف اٹھائیں گے ۔تحریک انصاف کی اس کامیابی پر قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ” پاکستان اور تحریک انصاف کو تاریخی کامیابی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں،22سال کی جدو جدوجہد رنگ لے آئی اور وہ اس کے حق دار بھی تھے ،پاکستانیوں کو آپ سے بہت سی امیدیںوابستہ ہیں اور مجھے امید ہے کہ آپ ہمیشہ کی طرح آگے اسے لیڈ کریں گے ،میری تمام سیاسی جماعتوں اور میڈیا سے اپیل ہے کہ وہ ان نتائج کو تسلیم کرکے پاکستان کی تعمیر نو میں مدد کریں “ ۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف وفاق کے علاوہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بھی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف ((پی ٹی آئی)) کو 112 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) 50 سیٹوں کے ساتھ دوسرے، پاکستان پیپلز پارٹی 39 نشستوں کے ساتھ تیسرے اور متحدہ مجلس عمل 8 سیٹوں پر برتری کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ آزاد امیدواروں کو 20 نشستیں حاصل ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔پنجاب میں 50 فیصد پولنگ اسٹیشن کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) 129 صوبائی نشستوں کے ساتھ برتری حاصل کر رہی ہے جبکہ تحریک انصاف 122 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں بھی تحریک اںصاف کو واضح برتری حاصل ہے اور اب تک 35 فیصد پولنگ اسٹیشن کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف 64 صوبائی نشستوں پر برتری حاصل کیے ہوئے ہے جبکہ متحدہ مجلس عمل 12 نشستیں حاصل کرچکی ہے۔

FOLLOW US