Thursday May 16, 2024

پاکستان کرکٹ ٹیم کو جھٹکا کوچ نے مزید ذمہ داریاں نہ سنبھالنے کا اعلان کرد یا، روکنے کی تمام کوششیں ناکام

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) اسٹیو رکسن کو روکنے کی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں، وہ حالیہ دورئہ انگلینڈ کے بعد فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داری مزید نہیں سنبھالیں گے جبکہ آرتھر نے فٹنس ٹرینر گرانٹ لیوڈن کواضافی ذمہ داری سونپنے کی تجویز دے دی گئی۔پاکستانی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ دورئہ برطانیہ کے بعد مزید

فرائض انجام نہیں دیں گے، ان کے دور میں کھلاڑیوں کی فیلڈنگ میں غیرمعمولی بہتری آئی اور اب پاکستانی ٹیم اس شعبے میں کمزور نہیں رہی۔ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں انگلینڈ میں ہی چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اسٹیو رکسن سے ملاقات کی اور انھیں ورلڈکپ تک کام جاری رکھنے کا کہا مگر وہ نہ مانے، ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر باہر رہنے کی وجہ سے گھر والوں کے ساتھ وقت گذارنے کا موقع نہیں ملتا، اس لیے مزید فرائض انجام نہیں دینا چاہتے، ان کے انکار پر چیئرمین نے جب کوچ مکی آرتھر سے تبادلہ خیال کیا تو انھوں نے فٹنس ٹرینر گرانٹ لیوڈن کو ہی اضافی ذمہ داری سونپنے کا مشورہ دیا جسے منظور کر لیا گیا۔جولائی میں دورئہ زمبابوے کے دوران وہی فیلڈنگ کوچ کے فرائض بھی نبھائیں گے،اس دوران ضرورت محسوس ہونے پر نئے کوچ کی تلاش کا کام شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ آرتھر سمیت دیگر غیرملکی اسٹاف کے کنٹریکٹ ورلڈکپ 2019 تک کے ہیں، مگر پی سی بی ان کے کام سے مطمئن اور توسیع دینا چاہتا ہے۔واضح رہے کہ 64 سالہ سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر اسٹیو رکسن نے13 ٹیسٹ اور6 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں حصہ لیا تھا، لیوڈن 2016 میں وقار یونس کے دور کوچنگ میں ٹرینر اور فیلڈنگ کوچ تھے مگر اب بطور فٹنس ٹرینر کام کر رہے ہیں۔

FOLLOW US