Thursday April 25, 2024

یونس خان کو نیوزی لینڈ میں اپنے ایک 12سالہ مداح کالکھا ہوا خط دو سال بعد مل گیا، اس نے ایسی کیا خواہش ظاہر کی جسے یونس نے فوراً پورا کر دیا،

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق مایہ ناز ٹیسٹ کرکٹر اور بلے باز یونس خان کا شمار 21ویں صدی کے اوائل میں دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں میں ہوتا ہے ۔ انھوںنے اپنے کیرئیر میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے ،سب سے زیادہ سنچریاں کرنے ، اور دنیا کے تمام ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں میں سنچریاں بنانے کا منفرد اعزاز اپنے نام کیا ۔ ان کے چاہنے والے دنیا بھر کے کئی ملکوں میں موجود ہیں ۔پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر اور سابق کپتان یونس خان نے نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے اپنے 12 سالہ مداح فیلکس

اینڈرسن سے کیا ہوا وعدہ پورا کر کے ان کا دل جیت لیا۔گزشتہ روز یونس خان نے ٹویٹ کی جس میں انھوں نے فیلکس کیلئے پیغام دیا کہ انھوں نے اپنے مداح سے کیے گئے وعدے کے مطابق کرکٹ کے گر سکھانے کیلئے کوچنگ کی ویڈیو بنائی ہے۔گذشتہ ماہ کی 25 تاریخ کو یونس خان نے اپنے ٹوئٹر پر ایک خط کی تصویر لگائی جو نیوزی لینڈ میں رہنے والے ان کے 12 سالہ مداح فیلکس اینڈرسن نے لکھا تھا جس میں انھوں نے یونس خان کی بیٹنگ کی تعریف کی اور بتایا کہ وہ ان سے کتنے متاثر ہیں۔ اپنے خط میں فیلکس نے لکھا کہ یونس خان ان کے بڑے ہیروز میں سے ایک ہیں اور 2009 میں یونس خان کی سری لنکا کے خلاف بنائی گئی ٹرپل سنچری ان کیلئے بہت یادگار تھی اور جس کی وجہ سے وہ کرکٹر بننے کا خواب دیکھنے لگے۔اپنے خط میں فیلکس نے یونس کی سلپ میں فیلڈنگ کی بھی تعریف کی اور درخواست کی کہ یونس خان ان کو بیٹنگ کے گر سکھائیں اور کوّر ڈرائیو اور کٹ شاٹ مارنے کے لیے کوئی مشورہ دیں۔یونس خان نے اپنی ٹویٹ میں فیلکس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انھیں یہ خط دو سال کے بعد ملا ہے لیکن وہ اْن کی فرمائش پوری کریں گے۔

یونس خان نے اپنی ویڈیو میں بھی فیلکس کو مخاطب کر کے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کوّر شاٹ اور کٹ شاٹ کھیلنے کے طریقے بتائے۔ یونس خان نے لکھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ فیلکس اس ویڈیو سے استفادہ کریں گے اور اپنے ملک کی مستقبل میں نمائندگی بھی کریں گے ٗیونس خان کی ویڈیو کے بعد ٹوئٹر پر ان کے کئی شائقین نے انھیں سراہا۔نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک صارف ٹاز ستی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ انھوں نے دو سال قبل فیلکس کا خط پاکستان کے سابق کھلاڑی یاسر عرفات کو دیا تھا اور انھیں بہت خوشی ہے کہ یونس خان تک یہ پہنچ گیا۔

FOLLOW US