Tuesday April 30, 2024

جنوبی افریقا نے سری لنکا کو جیت کیلئے ورلڈکپ کا سب سے بڑا ہدف دے دیا

ورلڈکپ کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقا نے سری لنکا کو 429 رنز کا ہدف دے دیا۔ نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکا کے خلاف رن کا پہاڑ کھڑا کردیا، پروٹیز نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 428 رن بنائے جوکہ ورلڈکپ کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔اس سے قبل 2015 میں آسٹریلیا نے افغانستان کے خلاف 6 وکٹ پر 417 رنز بنائے تھے۔ میچ میں جنوبی افریقا نے نئی تاریخ بنائی، ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار ایک اننگز میں تین سنچریاں بنائی گئی ہیں۔

سری لنکا کے خلاف کوئنٹن ڈی کک، رسی وین ڈرڈسن اور ایڈین مارکرم نے سنچریاں اسکور کیں۔ واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈکپ میں اس سے قبل 18 بار اننگز میں دو سنچریاں بنائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں چوتھی مرتبہ ایک اننگ میں تین سنچریاں بنی ہیں، چار میں سے تین مرتبہ یہ کارنامہ جنوبی افریقا اور ایک مرتبہ انگلینڈ نے سرانجام دیا ہے۔

FOLLOW US