Saturday May 4, 2024

کرکٹ ورلڈکپ کا میلہ آج سے سجے گا، پہلا مقابلہ کن ٹیمون کے درمیان ہوگا

کرکٹ کا عالمی میلہ چار برس کے بعد آج سے بھارت میں سجنے کو ہے، دُنیا کی 10 بہترین ٹیمیں چمچماتی ٹرافی حاصل کرنے کے لیے مقابلہ کریں گی۔ ایونٹ کی 10 ٹیموں کو ایک دوسرے سے کھیلنا ہوگا جس میں سے 4 ابتدائی پوزیشنز حاصل کرنے والی ٹیمیں سیمی فائنلز میں جگہ بنائیں گی۔ اس ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ آج جمعرات کو پچھلے میگا ایونٹ کی دفاعی چیمپئن انگلینڈا ور رنرز اپ نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

اتفاق سے ون ڈے کرکٹ میں دونوں ٹیمیں اعداد وشمار کے لحاظ سے برابر ہیں، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے آپس میں 95 ون ڈے میچز کھیلے ہیں، دونوں نے 44 ، 44 مقابلوں میں فتح سمیٹی ہے، 3 میچ ٹائی رہے جبکہ 4 کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔ اس کے علاوہ ورلڈ کپ مقابلوں میں بھی دونوں ٹیمیں فتح کے اعتبار سے برابر ہیں، ان کے درمیان اب تک 10 میچز ہوئے ہیں اور دونوں نے 5 ، 5 میچز میں کامیابی سمیٹی ہے، البتہ احمد آباد جہاں یہ میچ ہوگا ، نیوزی لینڈ کا انگلینڈ کے خلاف پلڑا بھاری ہے جس نے 1996 کے ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں انگلش ٹیم کو 11 رنز سے مات دی تھی۔

آج ورلڈکپ کا افتتاحی میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 30منٹ پر شروع ہوگا۔ بدھ کو ورلڈکپ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں کے کپتان احمد آباد میں اکھٹے ہوئے، کیپٹنز ڈے میں پاکستانی کپتان بابر اعظم اور بھارتی کپتان روہت شرما کی ایک ساتھ انٹری ہوئی۔ اس موقع پر بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ میں سو فیصد دیں گے اور اس کے لیے محنت کی ہے، اگر پاکستانی فینز بھی بھارت آسکتے تو اور اچھا ہوتا۔ دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ ٹف ٹورنامنٹ ہوگا،انجوائے کریں گے۔ اس کے علاوہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز بولے کہ جیت کا تسلسل جاری رکھنے کی کوشش کریں گے جبکہ نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کے کپتان ایونٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے پُرعزم دکھائی دیے۔ واضح رہے کہ 5 اکتوبر سے شروع ہونے والا ایونٹ 19 نومبر تک جاری رہے گا۔

FOLLOW US