Friday May 3, 2024

نیپالی بیٹر نے ایسا ریکارڈ بنا ڈالا جو تاقیامت ٹوٹ نہیں سکتا

لاہور : نیپالی بیٹر نے ایسا ریکارڈ بنا ڈالا جو تاقیامت نہیں ٹوٹ سکتا، نیپال کی ٹیم ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں 300 سے زیادہ رنز بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ نیپال نے ہانگزو میں ایشین گیمز میں منگولیا کیخلاف اپنے 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 314 رنز سکور کیے، اس سے قبل افغانستان نے 2019ء میں آئرلینڈ کے خلاف 278 رنز بنائے تھے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے کشال مالا نے 34 گیندوں پر تیز ترین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سنچری بنا کر اپنی ٹیم کی راہنمائی کی۔ مالا نے 2017ء میں بنگلہ دیش کے خلاف 35 گیندوں میں جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر کی سنچری کا ریکارڈ توڑا اور صرف 50 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 137 رنز بنائے۔ انہوں نے 12 چھکے اور آٹھ چوکے لگائے۔

نیپال کے بلے باز ژیجیانگ یونیورسٹی فار ٹیکنالوجی پنگفینگ کرکٹ فیلڈ میں دھواں دھار بیٹنگ کرتے نظر آئے، کپتان روہت پاوڈل نے 27 گیندوں پر چھ چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے۔ دیپندر سنگھ ایری نے 9 گیندوں پر ناقابل شکست 52 رنز میں 8 چھکے لگائے۔ انہوں نے تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ تاقیامت اپنے نام کرلیا، اب یہ ریکارڈ صرف برابر کیا جاسکتا ہے، اس سے قبل انگلینڈ کے خلاف ہندوستان کے یوراج سنگھ نے 2007ء میں 12 گیندوں پر نصف سنچری سکور کی تھی ۔ نیپال کی اننگز میں 26 چھکے لگانا بھی ایک ریکارڈ تھا، افغانستان نے آئرلینڈ کے خلاف 22 چھکے مارے تھے۔ منگولیا، جس کی خواتین ٹیم گزشتہ ہفتے ایشین گیمز میں صرف 15 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، صرف 41 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ نیپال کا 273 رنز کے مارجن سے جیتنا کسی T20 انٹرنیشنل میں رنز کے لحاظ سے اب تک کا سب سے بڑا مارجن تھا۔ اس سے قبل 2019ء میں جمہوریہ چیک نے ترکیہ کے خلاف 257 رنز کے مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی۔

FOLLOW US