Friday November 22, 2024

ورلڈکپ کیلئے پاکستان کا اسکواڈ کیا ہونا چاہیے؟ شاہد آفریدی نے اپنے نام منتخب کرلیے

پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اکتوبر اور نومبر کے دوران بھارت میں ہونے والے آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے لیے پاکستانی اسکواڈ سے متعلق تجویز دی ہے۔ مقامی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے چند ایسے کھلاڑیوں کو اسکواڈ کا حصہ بنایا جو طویل عرصے سے پاکستانی اسکواڈ سے غیر حاضر ہیں جن میں خاص طور پر آل راؤنڈر عماد وسیم، فاسٹ بولر حسن علی اور ارشد اقبال شامل ہیں۔

انہوں نے عماد وسیم کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی تعریف کی اور زور دیا کہ جب تیز گیند بازوں کو چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے تو اس صورتحال میں عماد جیسے بولر کا ٹیم میں ہونا بہت ضروری ہے جو نئی گیند کے ساتھ مخالف ٹیم پر دباؤ ڈال سکے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ ہمارے پاس دو طرح کے ٹریک ہوں گے، یا تو ہمیں سیمنگ ٹریک ملے گا یا بہت فلیٹ ٹریک، بات یہ ہے کہ ہمارے پاس پہلے ہی اسپنرز موجود ہیں، کبھی کبھی اگر کوئی تیز گیند باز اچھی بولنگ نہیں کر رہا ہوتا اور اسے پٹائی لگ رہی ہوتی ہے تو آپ کو عماد وسیم جیسے بولر کی ضرورت پڑتی ہے جو نئی گیند کے ساتھ بہت خطرناک بولر ہو سکتا ہے۔ سابق کپتان نے مزید کہا کہ میں نے ان کی بلے بازی دیکھی ہے اور مجھے ان کے بارے میں بہت اعتماد محسوس ہوا، انہوں نے کچھ شاندار اننگز کھیلی ہیں وہ ایک ایسا کھلاڑی ہے جو دباؤ کو ہینڈل کرنا جانتا ہے، ذہنی طور پر مضبوط، کافی سینئر اور اس نے کافی کرکٹ کھیلی ہے۔

دوسری جانب ارشد اقبال سے متعلق شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ارشد اقبال ایک مضبوط بولر کے طور پر بہت مضبوط خصوصیات کے مالک ہیں، وہ جارحیت کے ساتھ گیند بازی کرتا ہے اور ان پچوں پر آپ کو ایک ایسے بولر کی ضرورت ہے جو تیز رفتار سے گیند کرے۔
شاہد آفریدی کا ورلڈکپ اسکواڈ:
بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، افتخار احمد، عماد وسیم، حارث رؤف، اسامہ میر، شاہین شاہ آفریدی، زمان خان، ارشد اقبال اور حسن علی (اگر فٹ ہوئے تو)

FOLLOW US