Wednesday January 22, 2025

ایشیا کپ: بھارت اور سری لنکا کے فائنل میں موسلادھار بارش کا امکان، میچ نہ ہوا تو کیا ہوگا؟

ایشیا کپ ون ڈے ایونٹ کے فائنل میں اگر بارش نے خلل نہ ڈالا تو ٹورنامنٹ آج اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا۔ فائنل میں بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، ایک طرف بھارت ہے جو ایشیا کپ کا ٹائٹل سات بار اپنے نام کرچکا ہے، دوسری جانب سری لنکا بھی کسی سے کم نہیں۔ چھ بار ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے والی سری لنکن ٹیم بھارتی سورماؤں کو قابو کرنے کی راہ تک رہی ہے۔ سری لنکا کے مہیش ٹیھکشانہ اور بھارت کے اکشر پٹیل انجری کے باعث فائنل میچ نہیں کھیل سکیں گے۔

ادھر ایک مسئلہ جو دونوں ملکوں کے کرکٹرز سمیت شائقین کو درپیش ہے، وہ یہ کہ میچ کولمبو میں کھیلا جانا ہے جہاں آج یعنی 17 ستمبر کو بھی بارش کی پیشگوئی ہے، فورکاسٹ دیکھا جائے تو شام کے وقت موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ اگر آج بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے فائنل میں بارش کی وجہ سے رکاوٹ پیدا ہوتی ہے تو امپائرز کی اولین ترجیح مختصر کھیل کرانا ہوگی، فائنل کا نتیجہ حاصل کرنے کے لیے کم از کم دونوں ٹیموں کو 20 اوورز کھیلنا ضروری ہیں۔ تاہم اگر بارش نے اس کی بھی اجازت نہیں دی تو میچ 18 ستمبر بروز پیر کو ریزرو ڈے پر ہوگا، اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر ریزرو ڈے پر بھی میچ نہ ہوسکا پھر کیا ہوگا؟

پیر کو بھی کولمبو میں 69 فیصد بارش کا امکان ہے، لہذا اگر ریزرو ڈے کو منسوخ کیا جاتا ہے تو ٹرافی دونوں ٹیموں کے درمیان بانٹ دی جائے گی، یعنی رواں برس ایشیا کپ کی فاتح دو مشترکہ ٹیمیں بھارت اور سری لنکا ہوں گی جو ایشیا کپ میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔

FOLLOW US