Wednesday January 22, 2025

ایشاء کپ فائنل سے قبل بھارت کو بنگلہ دیش نے دھول چٹا دی

کولمبو : ایشاء کپ فائنل سے قبل بھارت کو بنگلہ دیش نے دھول چٹا دی، سپر 4 مرحلے کے آخری میچ میں بھارتی بلے باز بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 266 رنز کا ہدف حاصل نہ کر سکے۔ ایشیاء کپ 2023ء کے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں بنگلادیش نے بھارت کو جیت کے لیے 266 رنز کا ہدف دیا۔ کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کے اوپننگ بیٹسمین لٹن داس بغیر کوئی رن بنائے محمد شامی کی گیند پر بولڈ ہوئے، اس کے بعد تنزید حسن اور مہدی حسن میراز 13،13 جبکہ انعام الحق بھی صرف 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان شکیب الحسن اور توحید کے درمیان 101 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر شکیب 80 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ توحید نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔ اختتامی اوورز میں ناصم احمد نے44 اور مہیدی حسن نے 29 رنز بنائے، اس کے علاوہ تنظیم حسن نے بھی 14 رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور 265 رنز تک پہنچایا۔ بھارت کی جانب سے شردل ٹھاکر نے 3 اور محمد شامی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اکشر پٹیل، جڈیجا نے بھی ایک ایک وکٹ لی۔

قبل ازیں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے ٹیم میں 5 تبدیلیاں کی گئی ہیں، تلک ورما ڈیبیو کریں گے جبکہ سوریا کمار، محمد شامی اور پراسد کرشنا پلئینگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اس موقع پر بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے، پلئینگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے مشفق الرحمان کی جگہ تنظیم حسن ثاقب اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں۔ بھارت کا اسکواڈ کپتان روہت شرما، شبمن گل، سوریہ کمار یادو، تلک ورما، کے ایل راہول، ایشان کشن، رویندر جڈیجہ، اکشر پٹیل، شاردول ٹھاکر، محمد شامی، پراسد کرشنا پر مشتمل ہے۔ بنگلا دیشی سکواڈ میں کپتان شکیب الحسن، لٹن داس، تنزید حسن تمیم، انعام الحق، توحید ہردوئے، شمیم ​​حسین، مہدی حسن میراز، مہدی حسن، نسیم احمد، تنظیم حسن ثاقب، مستفیض الرحمان شامل ہیں ۔

FOLLOW US