Sunday January 19, 2025

ایشیا کپ کا اہم معرکہ: پاکستان کا سری لنکا کو جیت کیلئے کتنے رنز کا ہدف

ایشیا کپ کے اہم معرکے میں پاکستان نے محمد رضوان اور افتخار احمد کی ذمہ درانہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو جیت کیلئے 253 رنز کا ہدف دے دیا۔ پاکستان نے بارش سے متاثرہ میچ میں مقررہ 42 اوورز میں7 وکٹوں پر 252 رنز بنائے، محمد رضوان 86 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، عبداللہ شفیق نے 52 اور افتخار احمد نے 47 رنز اسکور کیے۔ کولمبو میں کھیلے جارہے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے 27.4 اوورز کے کھیل میں5 وکٹ پر 130 رنز بنالیے تھے جب میچ کو بارش کے باعث روکا گیا تاہم کچھ دیر کھیل رُکنے کے بعد دوبارہ شروع کیا گیا اور میچ کو 45 سے 42 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستانی وقت کے مطابق 2 بجے ٹاس ہونا تھا لیکن کولمبو میں مسلسل بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوا، تاہم بارش رکنے کے بعدساڑھے 4 بجے ٹاس ہوا اور میچ کو 45 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ یہ میچ سیمی فائنل کی صورت اختیار کرگیا ہے ،سری لنکا اور پاکستان میں سے آج جیتنے والی ٹیم ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کا مقابلہ کرے گی۔

FOLLOW US