Friday May 17, 2024

ایشیا کپ فائنل میں پہنچنے کی دوڑ، بھارتی ٹیم لنکن باولرز کے سامنے ڈھیر ہو گئی

کولمبو : ایشیا کپ فائنل میں پہنچنے کی دوڑ، بھارتی ٹیم لنکن باولرز کے سامنے ڈھیر ہو گئی، سپر 4 مرحلے کے چوتھے میچ میں سری لنکن باولرز نے پوری بھارتی ٹیم 50 ویں اوور میں 213 رنز پر آوٹ کر دی۔ کولمبو میں کھیلے جا رہے میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما اور شبمن گِل نے جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم شبمن گل 80 کے مجموعی سکور پر 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، روہت 53 جب کہ ویرات کوہلی محض 3 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ایشان کشن 33 جبکہ کے ایل راہول 39 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکا کی جانب سے دونتھ ویلالگے نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ قبل ازیں بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی سری لنکا کے خلاف بڑا ہدف دیں اور پریشر میں لائیں۔ روہت شرما کا کہنا تھا کہ پلئینگ الیون میں تبدیلی کی گئی ہے، شاردول ٹھاکر کی جگہ اکشر پٹیل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سری لنکن کپتان داسن شناکا نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، بھارت کو جلد آؤٹ کرکے میچ میں کامیابی کیلئے راہ ہموار کریں گے۔ بھارت کے سکواڈ میں کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، کے ایل راہول، ایشان کشن، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، اکشر پٹیل، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو اور محمد سراج شامل ہیں۔ سری لنکن سکواڈ کپتان داسن شناکا، ڈیموتھ کرونارتنے، پاتھم نسانکا، کوشل مینڈس، سدیرا سماراویکراما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، ڈونتھ ویلالجے، مہیش راجہ کاس، متھیشا پاتھیرانا پر مشتمل ہے۔

FOLLOW US