Wednesday January 22, 2025

پاکستان ٹیم کے پاس ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات کیا ہیں؟

سری لنکا میں کھیلے جا رہے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے میچ میں پاکستان کو انڈیا کے ہاتھوں 228 رنز کی بدترین شکست ہوئی ہے جس کے بعد گرین شرٹس کو ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے میں مشکل کا سامنا ہے۔ پاکستان اگر انڈیا سے یہ میچ جیت جاتا تو اِس کے بعد ٹیم کے لیے ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنا آسان ہو جاتا لیکن اس ہار کے بعد اب بابر اعظم اور اُن کی ٹیم کو فائنل کھیلنے کے لیے ہاتھ پاؤں مارنے پڑیں گے۔

اگر ایشیا کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر نگاہ ڈالی جائے تو اِس وقت انڈیا، سری لنکا اور پاکستان تینوں ٹیموں کے پاس دو دو پوائنٹس ہیں لیکن تینوں ٹیموں کے درمیان نیٹ رن ریٹ کا بہت بڑا فرق ہے۔ انڈیا 4.560 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ سری لنکا 0.420 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔ انڈیا کے خلاف 228 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کے بعد پاکستان کا نیٹ رن ریٹ بری طرح متاثر ہوا ہے جس کے بعد گرین شرٹس منفی 1.892 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

ایشیا کپ کے فائنل میں رسائی کے لیے پاکستان ٹیم کو سب سے پہلے تو جمعرات کو سری لنکا کے خلاف اپنا میچ ہر صورت میں جیتنا ہو گا۔ اس کے علاوہ منگل کو کھیلے جا رہے انڈیا اور سری لنکا کے میچ میں اگر انڈیا جیت جاتا ہے تو پاکستان کو صرف سری لنکا کو ہرانا ہوگا جس کے بعد دونوں روایتی حریف فائنل میں پہنچ جائیں گے۔ اگر سری لنکا انڈیا کو شکست دے دیتا ہے تو پاکستان کو سری لنکا کو بڑے مارجن سے ہرانا ہو گا تاکہ نیٹ رن ریٹ پر پاکستان کی پوزیشن مضبوط رہے۔ اسی طرح اگر سری لنکا انڈیا کو ہراتا ہے اور پاکستان سری لنکا کو ہرا دیتا ہے تو اِس صورت میں پاکستان کو انڈیا کے خلاف بنگلہ دیش کی فتح کی دعا کرنا ہو گی تاکہ نیٹ رن ریٹ پر فیصلہ ہو سکے۔ اس کے علاوہ اگر انڈیا سری لنکا اور بنگلہ دیش سے ہار جاتا ہے تو اس صورت میں پاکستان کو صرف سری لنکا کو ہرانا ہو گا۔ یہاں خیال رہے بنگلہ دیش کی ٹیم سپر فور مرحلے میں اپنے دونوں میچ ہار کر فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔

FOLLOW US