Friday May 17, 2024

ایشیا کپ: بولرز کے بعد بیٹرز کی بھی شاندار کارکردگی، پاکستان نے بنگلادیش کو با آسانی ہرادیا

ایشیا کپ کے سپر فو ر مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے بنگلادیش کا194 رنز کا ہدف با آسانی 40 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، امام الحق 78 اور محمد رضوان 63 رنز بناکر نمایاں رہے۔ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی فاسٹ بولرز کی شاندار بولنگ کی بدولت بنگلادیشی ٹیم 38.4 اوورز میں 193 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، مشفیق الرحیم 64 اور کپتان شکیب الحسن نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔

فاسٹ بولر حارث رؤف نے 19رنزدے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، نسیم شاہ نے 3 جبکہ شاہین آفریدی،فہیم اشرف اور افتخار احمد نےایک، ایک وکٹ لی۔ بنگلادیش کے خلاف میچ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر فہیم اشرف نے اسپنر محمد نواز کی جگہ لی۔ قومی ٹیم میں اوپنر امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، افتخار احمد، محمد رضوان، سلمان علی آغا، شاداب خان، فہیم اشرف، حارث رؤف، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ شامل تھے۔ سپر فو ر مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن میچ آغاز سے ہی بنگلادیش کیلئے اچھا ثابت نہ ہوسکا۔

میچ کے دوسرے اوور میں بنگلادیشی اوپنرز مہدی حسن میراز بغیر کوئی رنز کیے نسیم شاہ کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔ بنگلادیش کو دوسرا نقصان پانچویں اوور کی چوتھی گیند پر لٹن داس کی صورت میں اٹھانا پڑا جب بنگلادیشی بیٹر لٹن داس 16 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار ہوئے جس کے بعد بنگلادیش کی اگلی دو وکٹیں فاسٹ بولر حارث رؤف کے حصے میں آئیں۔
حارث رؤف نے اوپنر محمد نعیم کو 20 اور توحید ہردوئے کو صرف 2 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔ بنگلادیش کو پانچواں نقصان کپتان شکیب الحسن کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 53 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بنے۔پاکستان کےخلاف بنگلادیشں کی چھٹی وکٹ 174 رنز پرگری جب شمیم حسین 16 رنزپر افتخار احمد کی گیند پرآؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد سیٹ بیٹر مشفیق الرحیم 64 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر وکٹ دے بیٹھے اور پھر نئے آنے والے بیٹر تسکین احمد بھی صفر پر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

بنگلادیش کی آخری دو وکٹیں نسیم شاہ نے اُڑائیں، عاطف حسین 12 اور شریف السلام ایک رنز بناکر پویلین لوٹے۔ یوں بنگلادیش کی پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 193 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی۔
حارث رؤف کے ون ڈے کرکٹ میں 50 شکار مکمل پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے ون ڈے کرکٹ میں اپنے 50 شکار مکمل کرلیے ۔ حارث رؤف نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بنگلادیش کے خلاف میچ میں اپنے ون ڈے کرکٹ کی50 وکٹیں مکمل کیں۔بنگلا دیش کے محمد نعیم حارث رؤف کا پچاسواں شکار بنے۔ حارث رؤف نے اپنے27 ویں ون ڈے میچ میں 50 وکٹیں مکمل کرنے کا سنگِ میل عبور کیا۔وہ وقار یونس کے ساتھ مشترکہ طور پر ون ڈے میں 50 وکٹیں لینے والے تیسرے تیز ترین پاکستانی بولر ہیں۔ اس سے قبل فاسٹ بولر حسن علی نے 24، شاہین آفریدی نے 25 جبکہ وقار یونس نے بھی 27 ون ڈے میچز میں 50 وکٹیں مکمل کی تھیں۔

FOLLOW US