لاہور: چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ایشیاء کپ کے بقیہ میچز پاکستان میں کروانے کی تجویز دیدی ہے۔ ’ایکسپریس نیوز‘ کے مطابق ذکاء اشرف نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ سے سری لنکا میں حالیہ بارشوں کے باعث متاثر ہونے والے پاکستان اور بھارت ٹاکرے کے حوالے سے بات چیت کی ۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے ایشیاء کپ کے بقیہ میچز پاکستان میں کروانے کی تجویز بھی دی۔ ذکاء اشرف نے موقف اختیار کیا کہ سری لنکا میں اگلے چند ہفتوں کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے لہذا آنے والے دنوں کے لیے وہاں موسم کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے ۔ ذکاء اشرف نے کہا کہ ایشیاء کپ کے بقیہ پاک بھارت میچز دبئی میں بھی کھیلے جاسکتے ہیں۔ ایشیاء کپ ایک بڑا ٹورنامنٹ ہے، بارش کی وجہ سے اسے متاثر ہونے سے بچایا جائے ۔ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے ذکاء اشرف کی اس تجویز کے جواب میں صورتحال پر غور کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔