Saturday January 18, 2025

ایشیاء کپ اور افغانستان سیریز کیلئے 18 رکنی قومی ٹیم کا اعلان

لاہور : ایشیاء کپ اور افغانستان سیریز کیلئے 18 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ سیریز کھیلنے والے شان مسعود ڈراپ کو ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، شاداب خان ،عبداللہ شفیق، حارث روف، افتخار احمد، امام الحق، فخر زمان ، محمد حارث ، محمد وسیم جونیئر، سعود شکیل، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، طیب طاہر، اسامہ میر، فہیم اشرف، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں ۔

شان مسعود جنہیں اس سال کے شروع میں شاداب خان کی غیر موجودگی میں نائب کپتان مقرر کیا گیا تھا، ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا۔ سعود شکیل کو ون ڈے فارمیٹ میں واپس بلایا گیا۔ وہ صرف افغانستان سیریز میں سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ “پچھلی انتظامیہ نے شان مسعود کو موقع دیا لیکن وہ پرفارم نہیں کر سکے۔ اس دوران سعود شکیل نے واقعی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس لیے ہم نے اسے موقع دینے کا فیصلہ کیا”۔

سعود شکیل نے اپنا ون ڈے ڈیبیو 2021ء میں انگلینڈ کے خلاف کیا تھا اور آخری بار گزشتہ سال مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کھیلا تھا۔ حال ہی میں انہوں نے سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں پاکستان کے لیے ڈبل سنچری بنائی۔ ان کی شاندار کارکردگی نے انہیں قومی ون ڈے اسکواڈ میں واپسی دلائی۔ فہیم اشرف جنہوں نے آخری بار 2021ء میں ون ڈے کھیلا تھا، افغانستان سیریز اور ایشیا کپ کے لیے بھی ون ڈے سکواڈ میں جگہ بنائی۔

FOLLOW US