Thursday April 25, 2024

پاکستان کا ورلڈکپ 2023 کے میچز بھارت کے بجائے نیوٹرل مقام پرکھیلنے کا امکان

بھارت کی جانب سے پاکستان میں شیڈول ایشیا کپ 2023 میں شرکت سے انکار کے بعد بھارت کے میچز نیوٹرل مقام پر کروانے کےلیے فارمولا تیار کیا گیا ہے اور اسی فارمولے کے تحت امکان ہےکہ قومی ٹیم ورلڈکپ کے میچز بھارت کے بجائے دیگر ملکوں میں کھیلے۔ دبئی میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں پاکستان نے ایشیاکپ کے لیے نیا فارمولا پیش کیا جس کے مطابق ایشیا کپ کے بھارت کے میچز کسی تیسرے ملک میں ہوں جب کہ باقی ٹیموں کے مقابلے پاکستان میں ہوں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ اگر ایشیا کپ کے فارمولے پر عمل ہوا تو پاکستان بھارت میں رواں سال نومبر میں شروع ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ کے میچز بھی تیسرے ملک میں کھیلےگا، کیونکہ اس فارمولے پر عمل کی صورت میں پاکستان ٹیم بھی رواں برس ورلڈکپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی۔ پی سی بی نے آئی سی سی اور اے سی سی حکام کو اس سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کے ورلڈکپ میچز کے لیے سری لنکا اور بنگلا دیش زیر غور ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ اس فارمولے کے تحت ایشیاکپ اور ورلڈکپ ہی نہیں بلکہ 2025 میں پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی بھی کھیلی جائےگی۔

FOLLOW US