Tuesday November 26, 2024

پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے سنسنی خیز میچ لاہور قلندرز مسلسل دوسری مرتبہ چیمپئن بننے والی واحد ٹیم بن گئی

لاہور : لاہور قلندرز مسلسل دوسری مرتبہ چیمپئن بننے والی واحد ٹیم بن گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیم میں پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے سنسنی خیز میچ میں ملتان سلطانز کو آخری گیند پر شکست ہو گئی۔ پاکستان سپر لیگ 8 کا فائنل لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا۔ ملتان سلطانز کو میچ کی آخری گیند پر 1 رنز سے شکست ہوئی، رضوان الیون 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا سکی، یوں پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی ٹیم کی جانب سے اپنے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا گیا، شاہین شاہ آفریدی مسلسل دوسرے سال ٹورنامنٹ جیتنے والے واحد کپتان بن گئے۔ جبکہ ملتان سلطانز کو مسلسل دوسرے سال فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور کے کپتان شاہین آفریدی کی آل راونڈ کارکردگی نے ان کی ٹیم کی فتح میں سب سے اہم کردار ادا کیا۔ شاہین آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ملتان سلطانز کے ریلی روسو نے 52 رنز بنائے۔ اس سے قبل لاہور کے کپتان شاہین آفریدی نے 44 رنز کی دھواں دار اننگ کھیلی، جبکہ عبد اللہ شفیق کی جانب سے بھی 65 رنز کی بہترین اننگ کھیلی گئی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر نے 3 وکٹیں لے کر لاہور کی بیٹنگ لائن تباہ کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم شاہین آفریدی نے میدان میں آ کر ملتان کے تمام پلانز تہس نہس کر دیے۔ لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے۔ میچ کے آغاز سے قبل دفاعی چیمپئن لاہور کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، دونوں ٹیمیں گزشتہ برس کے ٹورنامنٹ میں بھی فائنلسٹ تھیں۔ ٹاس ہارنے والے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ چیمپئن ٹیموں کو ٹاس سے فرق نہیں پڑتا۔

FOLLOW US