Sunday January 19, 2025

کوشش کریں گے پاکستان اور بھارت کا فائنل نہ ہو، انگلش کپتان جوز بٹلر نے بڑا دعویٰ کر دیا

ایڈیلیڈ : انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر کا کہنا ہے کہ کوشش کریں گے 2007 والی صورتحال دوبارہ نہ بنیں اور یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل نہ ہو۔ تفصیلات کے مطابق آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل سڈنی کے گراؤنڈ میں ہونے جا رہا ہے جبکہ کل بھارت اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا سیمی فائنل ایڈیلیڈ کے گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، سیمی فائنل ٹاکرے سے قبل انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے بھارت کو ہرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل نہ ہو اور ایسا وہ اسی صورت کر سکتے ہیں جب وہ بھارت کو شکست دے دیتے ہیں ۔

واضح رہے کہ دنیا بھر کے کرکٹ شائقین ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں بھارت اور پاکستان کو دیکھنے کے خواہشمند ہیں اور پاکستان کے سابق ہیڈ کوچ جیف لاسن نے تو یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اگر پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں فائنل میں پہنچتی ہیں تو آسٹریلیا کو 2 گراؤنڈز کا انتظام کرنا پڑے گا، قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا تھا مجھے امید ہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی، اگر ایسا ہو گیا تو بہت مزہ آئے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انگلش کپتان کا کہنا تھا بھارتی ٹیم کافی عرصے سے مستقل مزاجی کے ساتھ اچھا پرفارمنس دے رہی ہے، بھارتی ٹیم میں کئی اچھے اور ٹیلنٹڈ کھلاڑی موجود ہیں اور سیمی فائنل میں آپ توقع کرتے ہیں کہ آپ کا مقابلہ ایک تگڑی ٹیم سے ہو گا اور بلا شبہ بھارت ایک بہترین ٹیم ہے

FOLLOW US