Friday January 24, 2025

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، اگر مگر کی صورتحال کا شکار پاکستانی ٹیم نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

ایڈیلیڈ : پاکستان ٹیم بنگلادیش کو ہرا کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا تھا جو گرین شرٹس نے 5 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور 57 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ بنگلادیشی بولر نسم احمد نے 11 ویں اوور میں بابر اعظم کو 25 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔ اننگز کے 12 ویں اوور میں پاکستان کی دوسری وکٹ 61 رنز پر گری جب محمد رضوان 32 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 92 رنز پر گری جب بنگلادیشی فیلڈر لٹن داس نے محمد نواز کو 4 رنز پر رن آؤٹ کیا۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 121 رنز پر شکیب الحسن نے حاصل کی، انہوں نے محمد حارث کو 31 رنز پر آؤٹ کیا۔

بنگلادیش کی پہلی وکٹ 21 رنز پر گری جب لٹن داس 10 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی بال پر کیچ آوٹ ہوئے۔ بنگلادیش کی دوسری وکٹ 11ویں اوور میں 73 رنز پر گری جب سومیا سرکار 20 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔ اسی اوور میں اگلی ہی گیند پر شاداب خان نے بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن کو ایل بی ڈبیلو آؤٹ کیا۔ بنگلادیش کی چوتھی وکٹ 14 ویں اوور میں 91 رنز پر افتخار احمد نے حاصل کی۔ نجم الحسین 54 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔ بنگلادیش کی پانچویں وکٹ 17ویں اوور میں 107 رنز پر گری جب مصدق حسین کو 5 رنز پر شاہین شاہ آفریدی نے بولڈ کیا۔ اسی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے نور الحسن کی بھی وکٹ حاصل کی۔ بنگلادیش کی ساتویں وکٹ 19ویں اوور میں 109 رنز پر گری جب مصدق حسین کو صفر پر شاہین شاہ آفریدی نے کیچ آؤٹ کرایا۔ آخری اوور میں نسم احمد 7 رنز بنا کر فاسٹ بولر حارث رؤف کا شکار بنے۔

بنگلادیشی بیٹر عفیف حسین 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوورز میں 22 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان نے 2، حارث رؤف اور افتخار احمد نے ایک ایک بنگلہ دیشی کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی پاکستان کو شکست دیکر ایونٹ کا اختتام جیت کے ساتھ کریں۔

FOLLOW US