Saturday January 25, 2025

بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر کے بابر کو ’خود غرض کپتان‘ کہنے پرشاہد خان آفریدی اور وسیم اکرم بھی خاموش نہ رہ سکے ۔بڑا جواب دے دیا

اسلام آباد: سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ’خود غرض ‘ کپتان‘ قرار دیا جس پر وسیم اکرم نے اسے سابق کرکٹر کی ذاتی رائے قرار دیا جب کہ شاہد آفریدی نے ہلکا پھلکا رد عمل دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق گوتم گمبھیر نے کمنٹری کے دوران بابر کو خود غرض کہتے ہوئے سوال اٹھایا کہ سمجھ نہیں آتاکہ بابر بطور اوپنر کیوں مسلسل اوپننگ جاری رکھے ہوئے ہیں اور مڈل آرڈر پر کیوں نہیں آتے؟گوتم کا بابر سے متعلق کہنا تھا کہ ’سب سے پہلے تو آپ کو اپنے بجائے اپنی ٹیم کا سوچنا چاہیے، اگر آپ کے پلان کے مطابق کچھ نہیں ہورہا تو آپ کو فخر زمان کو پہلے بھیجنے چاہیے، بطور کپتان یہ خودغرضی ہے، بطور کپتان خود غرض بننا آسان ہے،

اسی طرح بطور اوپنر پاکستان کے لیے کھیلتے ہوئے بابر اور رضوان کے لیےبہت سے ریکارڈ بنانا آسان ہیں لیکن اگر آپ لیڈر بننا چاہتے ہیں تو آپ نے اپنی ٹیم کے لیے سوچنا ہوگا‘۔گوتم گمبھیر کے بیان پر ردعمل میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ’ ہم ٹورنامنٹ کے بعد کوشش کریں گے کہ بابر کو کہیں کچھ گوتم کے بارے میں کہیں، کیوں کہ وہ بھی تو گھر جائیں گے‘۔دوسری جانب ایک شو کے دوران سابق کپتان وسیم اکرم سے بھی سابق بھارتی کرکتر کے بیان پر رائے طلب کی گئی۔اس پر وسیم اکرم نے کہا کہ یہ گوتم گمبھیر کی ذاتی رائے ہے، وہ آئی پی ایل کا ایک کامیاب کپتان ہے اور وہ اس وقت کا ایک بہترین کھلاڑی ہے، میرے نزدیک ہر انسان کو حق ہے اپنی کا رائے دینے اور یہ گوتم کی ایک رائے ہے۔

FOLLOW US