میلبرن : روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے پہلے ہی میچ میں ایک دوسرے کے سامنے آنے جا رہی ہیں۔ دونوں ٹیموں کے پاس ایک ایک کھلاڑی ایسا ہے جو گیم کا پانسہ پلٹ سکتا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق ہفتے کے روز ہونے والے مقابلے میں بھارت کی ٹیم میں سب سے اہم کھلاڑی سوریا کمار یادیو ہوں گے۔ بھارت کے یہ مڈل آرڈر بلے باز اس سال سنسنی خیز بیٹنگ فارم میں رہے ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ گیم میں شاندار ففٹی سکور کی، جس کی وجہ سے ہندوستان کو چھ رنز سے جیت میں مدد ملی۔ سوریہ کمار نے اب تک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 176.81 کے سٹرائیک ریٹ سے 1045 رنز بنائے ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان کی ٹیم میں سب سے اہم کھلاڑی وکٹ کیپر اوپننگ بلے باز محمد رضوان ہوں گے۔ وکٹ کیپر بلے باز نے بھارت کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے کی عادت بنا لی ہے۔ رضوان نے بھارت کے خلاف صرف تین میچوں میں 96 اعشاریہ 50 کی سنسنی خیز اوسط سے 193 رنز اپنے نام کیے ہیں۔ اس مقابلے میں بھی رضوان کا کردار پاکستان کے لیے کافی اہم ہونے والا ہے۔