Sunday January 19, 2025

قومی ٹیم 8 سال میں پہلی بار 20 اوورز کھیل کر بھی ایک چھکا نہ لگا سکی

لاہور : نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں منگل کے روز سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز کا چوتھا میچ کھیلا گیا جس میں کیویز نے شاہینوں کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔ اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیتا اور بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی۔ آج کے میچ میں قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر مکمل 20 اوورز کھیلے لیکن حیران کن طور پر کوئی بھی بیٹر ایک چھکا بھی نہ لگا سکا۔ اس سے قبل ایسا 2014ء میں دبئی میں ہوا تھا جب پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف پورے 20 اوورز کھیلے تھے اور اس اننگز میں ایک بھی چھکا نہیں لگا تھا۔ میچ کے بعد کرکٹ کے اعداد و شمار سے آگاہ کرنے والے صارف مظہر ارشد نے ٹوئٹ کی اور بتایا کہ ‘پاکستان نے 8 سال میں پہلی بار مکمل ٹی ٹونٹی اننگز میں ایک بھی چھکا نہیں لگایا’۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ‘مکمل ٹی ٹونٹی اننگز’ میں آل آؤٹ یا میچ کا اختتام بھی شامل ہے اسی وجہ سے ان کی ٹوئٹ کے بعد صارفین الجھن کا شکار ہوگئے۔ یہ ٹوئٹ دراصل پورے 20 اوورز کھیلنے کے باوجود ایک بھی چھکا نہ لگانے کے حوالے سے ہے۔ 2014ء سے 2022ء تک پاکستان نے مکمل ٹی ٹونٹی اننگز میں کئی بار چھکے نہیں لگائے، 2016ء میں پاکستان نے میرپور میں کھیلتے ہوئے بھارت کے خلاف میچ میں ایک بھی چھکا نہیں لگایا تھا۔ اس میچ میں پاکستان کی ٹیم 17.3 اوورز میں 83 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی اور بھارت کو 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

2017ء میں ابو ظہبی میں ہونے والے پاکستان بمقابلہ سری لنکا میں شاہینوں نے 102 رنز کا ہدف 17.2 اوورز میں حاصل کرلیا تھا، اس اننگز میں بھی ایک چھکا نہیں لگا اور میچ میں پاکستان نے 7 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔ اگر بات کی جائے 2019ء میں لاہور میں پاکستان اور سری لنکا کے میچز کی تو اس میں پاکستان کو 166 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں قومی ٹیم 17.4 اوورز میں 101 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی اور اننگز میں کوئی چھکا نہیں لگا تھا، اس میچ میں سری لنکا 64 رنز سے کامیاب رہا تھا۔ بنگلا دیش کے خلاف 2020ء میں کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی میں بھی پاکستان نے 142 رنز کا ہدف 19.3 اوورز میں حاصل کیا تھا جس میں ایک بھی چھکا نہیں لگایا گیا، اس میچ میں پاکستان 5 وکٹوں سے جیت گیا تھا۔

FOLLOW US