Thursday April 25, 2024

17 سال بعد دورے پر آنیوالی ٹیم کو بغیر ٹرافی ، خالی ہاتھ کیسے بھیج سکتے تھے ، چیئرمین پی سی بی

لاہور : چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم 17سال کے طویل عرصے بعد دورے پر پاکستان آئی تھی تو یہ کیسے ممکن تھا کہ ہم انہیں خالی ہاتھ اور بغیر ٹرافی کے واپس بھیج دیتے ۔ گزشتہ روز پاکستان اور انگلینڈ کے 7 ٹی 20 میچز کی سیریز کے فائنل میں مہمان ٹیم نے میزبان ٹیم کو 67 رنز سے شکست دیدی ۔ میچ کے بعد انعام دینے کی تقریب پر جب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کو اظہار خیال کیلئے دعوت دی تو انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ ہم نے انگلینڈ کی ٹیم کی مہمان نوازی کی ،انگلینڈ کی ٹیم یہاں آئی اور 17 سال کے طویل عرصے کے بعد یہاں کھیلی ،تو یہ کیسے ممکن تھا کہ ہم انہیں ٹرافی نہ لے جانے دیتے اور خالی ہاتھ واپس بھیجتے ۔

رمیز راجہ نے مزید کہا کہ سچ تو یہ ہے کہ یہ بہت دلچسپ اور سخت مقابلے کی سیریز تھی سوائے آخری دو میچز کے جہاں قومی ٹیم کو یکطرفہ شکست کا سامنا کرنا پڑا ، اس میں قومی کرکٹ ٹیم کیلئے سیکھنے کو بہت سی چیزیں ہیں ،لیکن ہم انہیں بہترین دعاؤں اور امیدوں کے ساتھ ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے بھیج رہے ہیں ۔ رمیز راجہ نے گفتگو کے اختتام پر ایک بار پھر انگلینڈ کی ٹیم کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک بار پھر انگلینڈ کی ٹیم کا مشکور ہوں ، ہم ان سے دوبارہ ٹیسٹ سیریز میں جلد ہی ملیں گے ، اور دعا ہے کہ ان کی واپسی کا سفر محفوظ اور آرام دہ رہے ۔

FOLLOW US