Friday March 29, 2024

گال ٹیسٹ ،فیصلہ کن دن کا آغاز، پاکستان کو جیت کیلئے 90رنز کی ضرورت

گال : پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ کا آج آخری روز ہے پاکستان کو جیت کیلئے 90رنز جبکہ سری لنکا کو 7وکٹوں کی ضرورت ہے ۔ کرکٹ ویب سائٹ “کرک انفو”کے مطابق ٹیسٹ کے آخری روز کے کھیل کا آغاز ہوچکا ہے ،پاکستان کی جانب سے اوپنر عبداللہ شفیق 115رنز بناکر کریز پر موجود ہیں جب کہ ان کے ساتھ محمد رضوان 20 رنز بنا چکے ہیں ،اس سے قبل کپتان بابراعظم 55، امام الحق 35 اور اظہرعلی 6 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئے،سری لنکا کے پراباتھ جے سوریا نے 2 اور رمیش مینڈس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کے چوتھے روز کا آغاز سری لنکا کی بیٹنگ سے ہوا تھا جب ٹیم کے 329 اسکور پر 9 کھلاڑی آؤٹ تھے لیکن سری لنکا نے مجموعی اسکور میں صرف 8 رنز کا اضافہ کیا اور 337 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی اور قومی ٹیم کو جیت کے لیے 342 رنز کا ہدف ملا۔ سری لنکا کے دنیش چندی مل 94 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جنہوں نے 5 چوکے اور 2 چھکے بھی لگائے۔ پاکستان کے محمد نواز نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ یاسر شاہ نے 3، حسن علی اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں222 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، میزبان ٹیم کی جانب سے دنیش چندی مل نے سب سے زیادہ 76 رنز اسکور کیے،قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 4، یاسر شاہ اور حسن علی نے 2، 2 جب کہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، پاکستانی ٹیم سری لنکا کے 222 رنز کے جواب میں مشکلات کا شکار دکھائی دی لیکن قومی کپتان بابر اعظم نے تاریخی اننگز کھیلی، انہوں نے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 119 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ بولر نسیم شاہ نے ان کا پورا ساتھ دیا،پاکستان کے محمد رضوان 19، یاسر شاہ 18 اور حسن علی 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سری لنکا کے پربت جے سوریا نے 5، مہیش تھیکشنا اور رمیش مینڈس نے 2،2 اور کسن راجیتھا نے ایک وکٹ لی۔

FOLLOW US