Tuesday January 21, 2025

بیٹسمین رینکنگ میں ٹاپ 10 سے اخراج کے دہانے پر، ایک بری ٹیسٹ سیریز بابر اعظم پر بھاری پڑ گئی

کراچی (ویب ڈیسک) ایک بری ٹیسٹ سیریز بابر اعظم پر بھاری پڑ گئی، بیٹسمین رینکنگ میں ٹاپ 10 سے اخراج کے دہانے پر پہنچ گئے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان نے زمبابوے کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کیا،دونوں بار ٹیم نے اننگز سے فتح سمیٹی، سیریز میں جہاں اچھا پرفارم کرنے والوں کو رینکنگ میں فوری صلہ ملا،وہیں کپتان بابر اعظم کیلیے کچھ اچھی خبر نہیں ہے،ان کا بیٹ دونوں میچز میں خاموش ریا،ایک درجہ مزید تنزلی کی وجہ سے وہ اب دسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

اسی طرح محمد رضوان کو بھی تنزلی کا سامنا رہا جس کی وجہ سے وہ 20 ویں درجے پر آگئے،دوسرے ٹیسٹ میں 215 رنز ناٹ آؤٹ کی عمدہ اننگز کھیلنے والے عابد علی ایک ساتھ 38 درجے کی جست لگاتے ہوئے 40 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ اسی میچ میں 126 رنز کی اننگز کھیلنے والے سینئر بیٹسمین اظہر علی کو 4 درجے ترقی نے 16 ویں نمبر پر رسائی دلا دی، نعمان علی97 رنز کی بدولت 35 درجے ترقی سمیٹتے ہوئے 116 ویں درجے پر آگئے، بیٹسمین رینکنگ میں نمبر پوزیشن کین ولیمسن کے پاس ہے۔ ادھر بولرزرینکنگ میں پاکستانی پیسرز حسن علی، نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے زمبابوے کے خلاف تاریخ ساز پرفارمنس کی بدولت کیریئر بیسٹ پوزیشن حاصل کرلی،یہ تینوں ایک ہی ٹیسٹ اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے پاکستان کے اولین بولرز بنے ہیں۔

عالمی سطح پر بھی 28 برس بعد ایک ٹیسٹ میں 3 بولرز کی جانب سے اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا گیا، حسن علی 6 درجہ ترقی کے بعد اب 14 ویں نمبر پر چلے گئے،شاہین آفریدی کو 9 درجے ترقی نے 22 ویں درجے پر پہنچا دیا،نعمان بھی 54 سے 46 ویں نمبر پر چلے گئے،ٹاپ ٹیسٹ بولر کا اعزاز آسٹریلوی پیٹ کمنز کے پاس ہے۔ واضح رہے کہ ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کا پانچواں نمبر ہے۔

FOLLOW US