Monday May 6, 2024

بابراعظم نے ایک اننگز میں کئی ریکارڈز بناڈالے ٹی ٹونٹی میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے پاکستانی بیٹسمین بن گئے

لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے جنوبی افریقہ کیخلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میں میچ وننگ اننگز کھیل کر کئی ریکارڈز بنا ڈالے۔ انھوں نے جنوبی افریقہ کے 204 کے ہدف کے تعاقب میں محمد رضوان کے ہمراہ 197 رنز کی پارٹنر شپ بنائی جس میں انھوں نے 122 رنز کی شاندار باری بھی کھیلی۔ بابر اعظم کی یہ اننگز بین الاقوامی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے۔ اس سے قبل ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلے کا اعزاز اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد کے پاس تھا، انھوں نے 2014ء کے ورلڈ ٹی ٹونٹی میں بنگلہ دیش کیخلاف 111 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی تھی۔ اس فہرست میں وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 104 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

بابر اعظم نے اس میچ میں پاکستان کی جانب سے ٹی20 کی تیز ترین سنچری سکور کی۔ جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی20 میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ بھی بابراعظم کے نام آ گیا ہے۔ خیال رہے کہ تیسرے ٹی ٹونٹی میں بابراعظم اور محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ واضح رہے کہ اس سنچری کے ساتھ بابراعظم بھی بین الاقوامی کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں سنچری بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔

FOLLOW US