Sunday January 19, 2025

بابر اعظم نے اپنی بادشاہت ثابت کر دی، ایسا شاندار اعزاز حاصل کر لیا جو گزشتہ 18 برس کے دوران کوئی دوسرا پاکستانی کرکٹر حاصل نہ کر سکا

لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے بھارتی ہم منصب ویرات کوہلی سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن چھین لی۔ جنوبی افریقہ کیخلاف شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنیوالے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔ بابراعظم ہندوستانی کپتان اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی کی جگہ 865 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہیں۔ کوہلی 857 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے پوزیشن پر ہیں ، اس کے بعد روہت شرما 825 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ بابراعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل سیریز میں 76 کی اوسط سے 228 رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔ سیریز شروع ہونے سے قبل بابراعظم آئی سی سی کی بیٹنگ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود تھے۔

2015ء میں زمبابوے کیخلاف ون ڈے ڈیبیو کرنیوالے بابراعظم اب تک 80 ون ڈے میچز میں 56.83 کی اوسط سے 3808 رنز بنا چکے ہیں جس میں 13 سنچریاں اور 17 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ بابراعظم ٹی ٹونٹی رینکنگ میں تیسرے جبکہ ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر ہر موجود ہیں۔ بابراعظم ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بلے باز ہیں ، ان سے قبل ظہیر عباس نے ورلڈکپ 1983ء میں نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر 902 پوائنٹس کے ساتھ عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی، جاوید میانداد نے ورلڈ کپ 1987ء میں سری لنکا کے خلاف 103 رنز بنا کر 898 پوائنٹس کے ساتھ یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ 18 سال قبل محمد یوسف نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں 60 رنز بناکر 777 پوائنٹس کے ساتھ آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

FOLLOW US