Friday January 24, 2025

تیز ترین 50 ون ڈے وکٹیں شاہین شاہ آفریدی نے وقار یونس کو بھی پیچھے چھوڑدیا

لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی پاکستان کی جانب سے تیز ترین 50 وکٹیں مکمل کرنے والے بائولرز کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں ۔ 21 سالہ شاہین شاہ آفریدی ون ڈے میچز میں 50 وکٹیں مکمل کرنے والے پاکستانی بائولرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے 25 میچز میں 50 وکٹیں مکمل کیں، ان کے ساتھ فاسٹ بائولر حسن علی 24 میچوں میں 50 وکٹیں حاصل کرکے اس فہرست میں پہلی پوزیشن پر قابض ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے بائولنگ کوچ وقار یونس نے یہ اعزاز 26 اننگز کھیلنے کے بعد اپنے نام کیا تھا۔’دوسرا‘ کے موجد سابق قومی آف سپنر ثقلین مشتاق نے 28 میچز کھیل کر 50 وکٹیں مکمل کی تھیں ۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز 1-2 سے جیتنے میں شاہین شاہ آفریدی نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ شاہین شاہ آفریدی نے 3 میچوں میں 194 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے پہلے میچ میں 61 رنز دے کر 2 شکار کیے ، دوسرے میچ میں 75 رنز کے عوض صرف ایک وکٹ اپنے نام کی اور تیسرے مقابلے میں 58 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

FOLLOW US