خیبر: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی سابق کپتان شاہد آفریدی کی صاحبزادی سے نسبت طے پانے کے بعد منائے جانے والے جشن کے باعث شاہین آفریدی کے بھائی مشکل میں پھنس گئے۔ شاہین شاہ آفریدی کے بھائیوں اور کزنز کی جانب سے منگنی کی خوشی میں لنڈی کوتل میں بھرپور ہوائی فائرنگ کی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ شاہین آفریدی کے بھائیوں کی ہوائی فائرنگ کی ویڈیو بھی سامنے آچکی ہے جس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق شاہین آفریدی کے بھائی کا کہنا ہے کہ خوشی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کوئی جرم نہیں ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق کارروائی ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ شاہین آفریدی کے بھائیوں یا کزنز کے خلاف تاحال کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی تھیں کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی صاحبزادی کی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی سے نسبت طے پا گئی۔ ان خبروں کے بعد شاہین شاہ آفریدی کے والد ایاز خان نے دعویٰ کیا ہے کہ شاہین آفریدی کیلئے شاہد آفریدی کی بیٹی کا رشتہ مانگا ہے اور ان کے خاندان نے رشتہ دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ شاہدآفریدی کی بیٹی کے ساتھ منگنی کی رسم جلد طے پا جائے گی۔ شاہدآفریدی کے خاندان سے دیرینہ تعلقات ہیں۔ خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی کے خاندان نے ان کی بیٹی کا رشتہ مانگنے کیلئے ان سے رابطہ کیا تھا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں شاہد خان آفریدی کا کہنا تھا کہ اس رشتے کے حوالے سے دونوں خاندانوں کا آپس میں رابطہ ہے۔
جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں، اگر اللہ تعالیٰ کی منشا شامل رہی تو یہ رشتہ ضرور ہوگا۔ میں شاہین شاہ آفریدی کی کرکٹ اور زندگی کے میدان میں مزید کامیابیوں کیلئے دعاگو ہوں۔ دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی نے بھی شاہد آفریدی کے ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا ہے کہ الحمد للہ۔ شاہین شاہ آفریدی نے ٹویٹ میں شاہد آفریدی کا دعاگو ہونے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کیلئے آسانیاں پیدا کرے۔ آپ پوری قوم کا فخر ہیں۔
Brothers and cousins of #Pakistani cricketer #ShaheenShahAfridi resorting to festive fire to celebrate #ShaheenShah reported engagement with the daughter of #Pakistan's team former captain #ShahidAfridi in Landikotal. Police has taken no action against them for violating law. pic.twitter.com/YBZHms8NjJ
— Tribal News Network (@TNNEnglish) March 9, 2021