Thursday April 25, 2024

پی ایس ایل 6، لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا فخرزمان اور بین ڈنک کی نصف سنچریاں

کراچی : پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2021 کے 11 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ لاہور قلندرز نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو کپتان سہیل اختر نے پہلے اوور کی چوتھی گیند پر صفر پر رن آؤٹ ہو کر واپس پویلین لوٹ گئے، ڈینلی اگلی گیند پر محمد عامر کی گیند کو سمجھنے سے قاصر رہے اور وکٹیں بچانے میں ناکام ہوئے۔ لاہور قلندرز کے تیسرے آؤٹ ہونیوالے بلے باز محمد حفیظ تھے جنہیں وقاص مقصود نے آؤٹ کیا، وہ 15 رنز بنا سکے۔فخرزمان کا ساتھ دینے بین ڈنک آئے اور دونوں نے ٹیم کا سکور آگے بڑھاتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی۔اننگز کے 12 ویں اوور میں فخرزمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ سے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔فخرزمان نے 83 رنز کی شان دار اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے اور 54 گیندوں کا سامنا کیا۔

ڈیوڈ ویزے نے 9 گیندوں پر ناقابل شکست 31 رنز بنائے اور چھکوں کی بارش کرتے ہوئے قلندرز کو 6 وکٹوں سے فتح دلائی،بین ڈنک نے آؤٹ ہوئے بغیر 57 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز نے مقررہ ہدف آخری اوور کی دوسری گیند پر 189 رنز بنا کر حاصل کرلیا اور پی ایس ایل 2021ء میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کی جیت کی روایت کو بھی برقرار رکھا۔اس سے قبل نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے پی ایس ایل 2021ء کے 11ویں میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ کراچی کنگز کے شرجیل خان نے شاہین آفریدی کو دو چوکے لگائے لیکن قلندرز کے کپتان نے ایک آسان کیچ گرا دیا جس سے شرجیل کو زبردست موقع ملا، شاہین آفریدی کے دوسرے اوور میں فخرزمان نے بابراعظم کا کیچ بھی گرایا تاہم آفریدی نے اسی اوور میں شاندار فاسٹ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتےہوئے قومی ٹیم کے کپتان کی وکٹیں اڑا دیں، شرجیل خان احمد دانیال کو دو چھکے لگائے لیکن 5ویں گیند پر حارث رؤف نے جو کلارک کو رن آؤٹ کر دیا، احمد دانیال نے نئے آنیوالے بلے باز کولن انگرام کو بولڈ کر دیا، محمد نبی کریز پر شرجیل کا ساتھ نبھانے آئے اور دونوں بلے بازوں نے اچھی شراکت بنائی، اسی دوران شرجیل خان نے نصف سنچری مکمل کی، جس میں 4 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے. شرجیل کی نصف سنچری مکمل ہونے کے بعد سمت پٹیل کے اوورمیں محمد نبی نے بلندو بالا دو چھکے لگائے اور ایک چوکا بھی رسید کیا، ڈیوڈ ویزے نے قلندرز کو بڑی کامیابی دلائی جب شرجیل خان 64 رنز کی اننگز کھیل کر سمت پٹیل کو کیچ دے گئے،

انکی اننگز میں 5 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے،محمد نبی نے شان دار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی،حارث رؤف نے 16 ویں اوور میں محمد نبی کو شرجیل کے ہاتھوں کیچ کروا دیا، وہ 35 گیندوں پر 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،کرسٹیان 27 رنز بنا کر سمت پٹیل اور شاہین شاہ آفریدی کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے، کپتان عماد وسیم کو 0 پر سمت پٹیل نے پہلے ہی آؤٹ کر دیا تھا،شاہین شاہ آفریدی نے آخری اوور میں وقاص مقصود کو بولڈ کردیا جنہوں نے 12 رنز بنائے تھے،محمد عامر آخری اوور کی 5ویں گیند پر شاہین کا سامنا کرنے آئے لیکن ان کی وکٹیں اڑا دیں ، انہیں صفر پر واپس جانا پڑا۔ شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 3 وکٹیں حاصل کیں۔ خیال رہے کہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز اب تک 3،3 میچ کھیل کر 4،4 پوائنٹس حاصل کرچکی ہے تاہم بہتر رن ریٹ کے باعث کراچی کنگز دوسرے نمبر جبکہ قلندرز تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ میچ کے لیے کراچی کنگز کی ٹیم عماد وسیم (کپتان)، بابر اعظم، شرجیل خان، کولن انگرام، جو کلارک، محمد نبی، ڈینیئل کرسچن، محمد الیاس، وقاص مقصود، محمد عامراور ارشد اقبال پر مشتمل ہے جب کہ لاہور قلندرز کی ٹیم میں سہیل اختر (کپتان)، فخر زمان، محمد حفیظ، جان ڈینلی، بین ڈنک، سمت پٹیل، ڈیوڈ ویزے، احمد دانیال، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ذیشان اشرف شامل ہیں ۔

FOLLOW US