Thursday April 25, 2024

پی ایس ایل 6 کا دسواں میچ، پشاور زلمی نے اب تک کی ناقابل شکست اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی

کراچی : پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2021ء کے دسویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو6 وکٹوں سے شکست دیدی۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں 10 ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بیٹنگ شروع کی تو وہاب رہاض نے پہلے اوور کی چوتھی گیند پر پہلا میچ کھیلنے والے پال سٹرلنگ کی وکٹیں بکھیر دیں، فل سالٹ صرف 9 رنز بنا سکے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی تیسری وکٹ عمید آصف نے حاصل کی جب 41 کے مجموعے پر فہیم اشرف 2 رنز بنا کر کوہلر کو کیچ دے بیٹھے۔

کپتان شاداب خان وکٹوں کے درمیان رن لینے کی کوشش میں ناکامی کے باعث کریز بدر ہوگئے ۔ ایلکس ہیلز نے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 27 گیندوں پر 41 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی ،انہیں ثاقب محمود نے محمد عمران کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ مجیب الرحمٰن نے حسین طلعت کو آؤٹ کیا جو 22 رنز بنا کر کھیل رہے تھے، نئے آنے والے بلے باز آصف علی نے چھکا مار دباؤ کم کرنے کی کوشش کی۔ افتخار احمد 15 ویں اوور کی پہلی گیند پر کوہلر کو کیچ دیکر آؤٹ ہوئے، انہوں نے صرف 7 رنزبنائے، آصف علی 2 چھکوں کی مدد سے 12 گیندوں پر 19 رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار بنے، وہاب ریاض نے 17 ویں اوور کی تیسری گیند پر حسن علی کو آؤٹ کردیا، وہ 7 رنز پر کھیل رہے تھے ، ثاقب محمود نے اگلے اوور کی پہلی گیند پر محمد وسیم کی وکٹ حاصل کی تو اسلام آباد کی پوری ٹیم 18 ویں اوور کی پہلی گیند پر ڈھیر ہو چکی تھی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی نے کم سکور کے دفاع کے لیے پہلی اوور کی تیسری گیند پر امام الحق کو صفر پر آؤٹ کرکے مضبوط بنیاد رکھی. دوسرے اوور میں محمد وسیم نے ٹی ٹونٹی کے خطرناک بلے باز کامران اکمل کو آؤٹ کرکے زلمی کو دباؤ کا شکار کردیا ،ٹام کوہلر اور شعیب ملک نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 63 رنز کا اضافہ کیا، پشاور زلمی کی تیسری وکٹ کوہلر کی صورت میں گری جب وہ 69 کے سکور پر 46 گیندوں پر4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 46 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے،

حیدر علی نے 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 36 رنز کی اننگز کھیلی، 17 ویں اوور کی پانچویں گیند پر حسن علی نے انہیں آؤٹ کر دیا تاہم ٹیم فتح کے قریب پہنچ چکی تھی، پشاور زلمی نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنا کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی،شعیب ملک 29 اور شرفین روتھرفورڈ 6 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے،حسن علی نے 2 اور محمد وسیم اور فواد احمد نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی، اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس کے بعد کہا کہ ہم ٹرینڈ تبدیل کرنا چاہتے تھے اور ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرتے تو پہلے بیٹنگ کا ہی موقع ملا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑا سکور کرنے کی کوشش کریں گے جس کا دفاع کیا جا سکے۔ وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ پہلے باؤلنگ کرکے ہدف کا تعاقب کریں گے اور ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ میچ کے لیے پشاور زلمی کی ٹیم میں وہاب ریاض (کپتان)، کامران اکمل، امام الحق، حیدرعلی، شعیب ملک، ٹام کوہلرکیڈمور، شرفین روتھر فورڈ، مجیب الرحمٰن، ثاقب محمود، محمد عمران اور عمید آصف شامل ہیں جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شاداب خان (کپتان)، ایلکس ہیلز، فِل سالٹ، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، اسٹرلنگ، فہیم اشرف، حسن علی، فواد احمد اور محمد وسیم شامل ہیں۔

FOLLOW US