Friday January 24, 2025

یہ دنیا کا سب سے زیادہ خوبصورت اسٹیڈیم ہے، پہلا ملک جس نے گوادر کرکٹ اسٹیڈیم میں میچز کھیلنے کی خواہش کا اظہار کر دیا

گوادر : پہلا ملک جس نے گوادر کرکٹ اسٹیڈیم میں میچز کھیلنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسٹین ٹرنر نے گوادر کرکٹ اسٹیڈیم کو دنیا کا خوبصورت ترین کھیل کا میدان قرار دیا ہے۔ جمعہ کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ دنیا میں دیگر کھیل کے میدان بھی خوبصورت ہیں لیکن گوادر کرکٹ اسٹیڈیم دنیا کا سب سے زیادہ خوبصورت اسٹیڈیم ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ برطانیہ کی کرکٹ ٹیم یہاں میچ کھیلے گی۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سی ای او وسیم خان نے کہا ہے

کہ وہ گوادر کرکٹ سٹیڈیم میں جلد سے جلد ترقیاتی کام شروع کردیں گے۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ وہ فوری ترقیاتی کاموں کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ کو اس گراؤنڈ میں لانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد یہاں کچھ ترقیاتی کام کرنا ہے جس میں فلڈ لائٹس لگانا اولین ترجیح ہے، ہمارا مقصد یہاں پر فرسٹ کلاس کرکٹ کروانا ہے، یہ پاکستان کا سب سے خوبصورت میدان ہے۔ وسیم خان نے کہا کہ وہ اس سال کے پی ایس ایل کے سیزن کے بعد 2 فرنچائزز کے مابین فیسٹیول میچ کا بھی منصوبہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پی ایس ایل کی دونوں فرنچائزز کے مابین فیسٹیول میچ کا اہتمام کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں، اگر اس سال نہیں تو اگلے سال ہم اس کو انجام دیں گے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ گوادر کرکٹ سٹیڈیم کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں اور پہاڑوں کے درمیان واقع ہونے کی وجہ سے اس سٹیڈیم نے پوری عالمی کرکٹ برادری کو راغب کیا گیا تھا۔

FOLLOW US