Friday January 24, 2025

محمد رضوان نے بیٹنگ کے دوران سٹیڈیم میں نماز پڑھ کر شاندار روایت قائم کر دی

لاہور : دوسرے ٹی ٹونٹی کے دوران وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی میدان میں نماز مغرب ادا کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں ۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹی20 میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے لیکن یہ پارٹنر شپ زیادہ دیر نہ چل سکی اور دوسرے ہی اوورز میں پرٹوریس کی گیند پر بابر اعظم ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔

ان کے بعد آنے والے بلے باز حیدر علی جارحانہ انداز میں کھیل رہے تھے اور انہوں نے11گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 10رنز بنائے تھے کہ ایک بار پھر وہ پھیلکواو کی گیند پر باونڈری کے قریب سے کیچ آوٹ ہوگئے۔ حسین طلعت صرف 3 رنز بنا کر ریورس سوئپ کھیلتے ہوئے شمسی کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔
چوتھے نمبر پر افتخار احمد 20رنز بنا کر پرٹوریس کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے،محمد رضوان نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد پوویلین لوٹے۔ خوشدل شاہ اور فہیم اشرف نے سکور 126 تک پہنچایا ، 18 گیندوں پر 15 رنز بنانیوالے خوشدل ڈیوین پریٹوریئس کی وکٹ بن گئے ،جنوبی افریقی باؤلر نے نواز کو آؤٹ کرکے اپنی 5ویں وکٹ حاصل کی۔ فہیم اشرف نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی معقول مجموعے تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا اور 12 گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 30رنز بنائے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے، پریٹوریس پانچ وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔ میچ میں ڈرنکس بریک کے دوران وکٹ کیپر بلے باز نے مغرب کی نماز گرائونڈ میں ہی ادا کی جس کی تصاور سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، ان کی جانب سے نماز مقررہ وقت پر ادا کرنے کو شائقین کی جانب سے سراہا جارہا ہے ۔

اس سے قبل کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پوکٹ اچھی لگ رہی ہے، کوشش ہو گی کہ جتنی ہو سکے پارٹنرشپ لگائیں اور اسکور بورڈ پر اچھا مجموعہ سجائیں۔
پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ مہمان ٹیم نے انی فائنل الیون میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں اور گلینٹن سٹورمن کو ڈیبیو کرایا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹی20 میچ میں شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی۔ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں بابر اعظم(کپتان)، محمد رضوان، حیدر علی، حسین طلعت، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، فہیم اشرف، عثمان قادر، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔ جنوبی افریقی ٹیم ہنری کلاسن(کپتان)، جینمن ملان، ریزا ہینڈرکس، جے جے سمٹس، پائٹ وین بلجون، ڈیوڈ ملر، ڈیوین پریٹوریس، ایندائل فلکوایو، گلینٹن اسٹورمین، لوتھو سیپاملا اور تبریز شمسی پر مشتمل ہے۔

FOLLOW US