Sunday January 19, 2025

پی ایس ایل 2021ء کا آفیشل ترانہ جاری کردیا گیا ترانے کی تیاری میں پاکستان کے فوک ، پاپ اور ہپ ہاپ گلوکاروں نے شرکت کی ہے

لاہور: پاکستان سوپر لیگ 2021 ایڈیشن کا آفیشل ترانہ جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ترانے کی تیاری میں پاکستان کے فوک ، پاپ اور ہپ ہاپ گلوکاروں نے شرکت کی ہے ، جن میں گلوکارہ نصیبو لعل، گلوکارہ آئمہ بیگ اور ہپ ہاپ سٹارز ینگ سٹنرز شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پی ایس ایل کے ترانے کی ویڈیو کو فدا معین نے ڈائریکٹ کیا جس میں 6 قومی کرکٹرز بھی جلوہ افروز ہوئے ، ان کھلاڑیوں میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان ، ملتان سلطانز کے اوپننگ بلے باز شان مسعود ، لاہور قلندرز کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی ،

پشاور زلمی کے تیز گیند باز وہاب ریاض کے علاوہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے سابق قومی کپتان سرفراز احمد اور کراچی کنگز کے کپتان سٹار قومی بلے باز بابراعظم شامل ہیں۔ دوسری جانب پاکستان سپر لیگ میں شائقین کو شرکت کی اجازت مل گئی ہے۔ وفاقی حکومت نے 20 فیصد شائقین کو پی ایس ایل کے میچز میں شرکت کی اجازت دے دی، پی سی بی حکام اور نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر(ایس سی او سی) کے مابین آج اہم اجلاس ہوا جس میں پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں شائقین کو آنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ، این سی او سی حکام کے مطابق شائقین کو سخت پروٹوکول کے تحت میچز دیکھنے کی اجازت ہوگی جب کہ پلے آف مرحلے کیلئے این سی او سی دوبارہ جائزہ لے گا جس کے بعد شائقین کی شرکت میں اضافے کا فیصلہ ہوگا۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل 6 کا آغاز 20 فروری سے نیشنل سٹیڈیم میں ہوگا ، کراچی 20 میچوں کی میزبانی کرے گا جب کہ لاہور کا قذافی سٹیڈیم 14 میچوں کی میزبانی کرے گا جس میں ناک آؤٹ مرحلے اور 22 مارچ کو شیڈول فائنل شام ہے۔

FOLLOW US